Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی میں پولیس کی وردی میں کیش وین لوٹنے کی ’ناکام ‘کوشش کیسے کی گئی؟

اٹلی میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس کی وردی پہن کر کیش لے جانے والی گاڑی کو لوٹنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
ڈیلی میل کے مطابق واقعہ ملک کے جنوبی علاقے پگلیا میں اس وقت پیش آیا جب پولیس کی وردی میں ملبوس افراد سڑک پر نکلے اور پھر کیش لے جانے والی بکتر بند گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔
 حکام کا کہنا ہے کہ نقاب پوش مسلح افراد نے سڑک کو بند کرنے کے لیے ایک ٹرک کو آگ لگائی۔
 اس کے بعد پولیس جیسی گاڑیاں استعمال کیں تاکہ لوگ ان کو پولیس اہلکار سمجھیں اور کیش لے جانے والی گاڑی کے قریب پہنچ سکیں۔
اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر ہو رہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے وقت حملہ آور گاڑیوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں جبکہ بکتر بند گاڑی سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
اسی طرح ایک اور ویڈیو میں چھ نقاب پوش افراد کو اسلحہ لیے سڑک پر چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نشانہ بننے والی گاڑی ایک مقامی کمپنی کی ملکیت تھی جو اٹلی کے اندر نقد رقوم کی منتقلی کا کام کرتی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے کے دوران جو ٹرک دھماکے کے بعد سڑک پر رک گئے ان کو بھی لوٹا گیا، تاہم مسلح افراد کیش وین سے رقم حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کا پولیس نے پیچھا کیا جس پر انہوں نے پولیس کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی اور راستے میں ایک گاڑی کو ٹکر بھی ماری۔
بعدازاں واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی ایک دیہی علاقے سے ملی جس کے قریب سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ واردات کو ناکام بنایا گیا اور کوئی رقم نہیں لوٹی جا سکی۔

شیئر: