Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرک ڈرائیوروں کی نگرانی اور اوقات کار یومیہ 9 گھنٹے مقرر

 طائف.... نقل و حمل بورڈ نے مملکت بھر میں ٹرک ڈرائیوروں کے اوقات کار کے نئے ضوابط جاری کردیئے۔ ڈرائیور کیلئے یومیہ راحت کا وقفہ کم ازکم گیارہ گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔ کسی بھی ڈرائیور سے مسلسل گیارہ گھنٹے آرام سے قبل کام نہیں لیا جاسکتا۔ 24 گھنٹے کے اندر اندر اسے 11 گھنٹے آرام کا موقع فراہم کرنا ہوگا۔ ڈرائیور حضرات ڈیوٹی کے سلسلے میں یہ عذر نہیں کرسکتے کہ انہوں نے کافی چکر لگا لئے ہیں اور ایک سے زیادہ ٹرک پر کام کرچکے ہیں۔ بورڈ نے انتباہ دیا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کی نقل و حرکت پر آن لائن نگرانی ہوگی۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کے اوقات کار یومیہ 9گھنٹے ہونگے۔ ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 56گھنٹے ڈیوٹی لی جاسکے گی۔ نئے ضوابط کے تحت ڈرائیوروں کو مکمل آرام فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ انہیں حد سے زیادہ نہ تھکایا جائے۔ اسی میں شاہراہوں کی سلامتی اور ٹریفک حادثات سے بچانے کا حل بھی مضمر ہے۔ المدینہ اخبار کے مطابق مذکورہ قراردادوں کی پابندی نہ کرنے پر 2تا 5ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ ڈرائیور سے 24گھنٹے کے دوران زیادہ سے زیادہ 9گھنٹے کی ڈیوٹی لی جاسکے گی۔ ہفتے میں ز یادہ سے زیادہ 2بار 10گھنٹے کی ڈیوٹی لی جاسکتی ہے۔ مسلسل 2ہفتے کے دوران 90گھنٹے سے زیادہ کی ڈیوٹی نہیں لی جاسکے گی۔ ساڑھے 4گھنٹے کی ڈیوٹی کے بعد 45منٹ کا وقفہ لازم ہے۔ وقفے کو تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ پہلی بار 15منٹ اور دوسری بار 30منٹ کا وقفہ لے لیا جائے۔

شیئر: