Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ اور منیٰ سے متعلق منصوبوں کی منظوری دیدی، الفیصل

مکہ مکرمہ.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کیلئے سرکلر روڈ 3 ، منیٰ منصوبوں اور تین اطراف سے مکہ مکرمہ کی داخلہ گاہوں کے منصوبوں کی منظوری دیدی۔ یہ بات گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے سبق کے ایڈیٹر انچیف اور ادارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں یکے بعد دیگرے منصوبے نافذ کئے جارہے ہیں۔ جدہ واٹر فرنٹ ، حرمین ایکسپریس ٹرین اور کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ قابل ذکر ہیں۔ خالد الفیصل نے بتایا کہ الفیصلیہ منصوبہ الشمیسی سے سمندر تک مغرب میں قائم ہوگا۔ یہ شمال میں جدہ سے جڑ جائے گا اس کی بھی منظوری مل چکی ہے۔ کمپنیاں اسے نافذ کرنے کی پیشکشیں کرچکی ہیں ۔ اس میں ہوائی اڈہ اور بندر گاہ بھی شامل ہے۔ طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ خطے کا قابل دید منصوبہ ہوگا۔ اسی طرح خلیج سلمان منصوبہ بھی مکہ مکرمہ ریجن کا نمایاں ترین منصوبہ ثابت ہوگا۔ الفیصل نے توجہ دلائی کہ خطے کی ترقیاتی حکمت عملی کا نتیجہ منصوبوں کی تکمیل شروعات اور نفاذ کی صورت میں نظر آنے لگا ہے۔ شہزادہ خالد الفیصل نے بتایا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز حج مقامات کے باعث مکہ مکرمہ ریجن کی تعمیر و ترقی کو غیر معمولی اہمیت دے رہے ہیں۔ وہ نہ صرف یہ کہ خطے کی منصوبہ بندی سے متعلق سوالات کرتے ہیں ، منصوبوں کی منظوری دینے کے بعد مرحلہ بہ مرحلہ عملدرآمد کی بابت بھی استفسار کرتے رہتے ہیں۔ 

شیئر: