Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض:پاکستان پیپلز پارٹی ایڈہاک کمیٹی نے پارٹی کا 50سالہ جشن منایا

    ریاض ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان پیپلزپارٹی ایڈہاک کمیٹی نے پارٹی کا 50سالہ جشن منایا جس میں عہدیداروں اور ورکرز  نے بڑی تعداد کی شرکت کی۔ اس موقع پر سینیئر رہنما ریاض راٹھور نے کہا کہ ہم ملک کی سیاست کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو سیاسی رہنماؤں اور پارٹیوں کی ایک لمبی قطاردکھائی دیتی ہے لیکن ذوالفقار علی بھٹو ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو سب سے نمایاںہیں۔ ان کے نظریات آج بھی جمہوریت پسند سیاسی کارکنوں اور عوام کے دلوں میں زندہ ہیں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان سے وابستگی مزید گہری ہوتی جا رہی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین عبدالکریم خان کا کہنا تھا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے جہاں کئی تاریخی اقدامات کئے وہاں انہوں نے ملک کے غریب اور پس ماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی اور ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ممکن بنایا اور ہر میدان سے اجارہ داریوں کو ختم کر دیا۔ ملک و قوم کو متفقہ آئین دیا۔ قومی سطح پر ہم آہنگی اور یگانگت کو فروغ دے کر پاکستانی قوم کو وقار، اتحاد اور خود اتحادی کے ساتھ کھڑا ہونے کی راہ دکھائی وہ محب وطن اور بے لوث انسان تھے۔ انہیں جہاں قومی ہیرو کا درجہ حاصل تھا وہاں انہیں عالمی مدبر تسلیم کیا گیا ۔سینیئررہنما محمد اصغر قریشی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عالم اسلام کو متحد کرنے اور عالمی قوت میں ڈھالنے کے لئے نا قابل فراموش کردار ادا کیا، لاہور میں  اسلامی سربراہ کانفرنس کا انعقاد اس سلسلے کی اہم کڑی تھی۔پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے انہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور ہند سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر ٹھوس تعلقات استوار کئے۔ عوام مخالف قوتیں پیپلز پارٹی کے قیام سے اب تک بھٹو دشمنی کے جنون میں مبتلا ہیں۔ اور وہ چہرے بدل بدل کر بھٹوازم اور پیپلز پارٹی پر وار کرتے ہیں۔بابا ئے ریاض قاضی اسحاق میمن کا کہنا تھا آج بھی پاکستانی عوام قائداعظم کے بعد کسی کو لیڈر مانتی ہے تو وہ صرف ذوالفقار علی بھٹو  ہے،دیگر مقررین میں جہانگیر بدر، بخت خان، الیاس رحیم، شریف بلوچ، ملک شفیق، سردار شاہد افضل، لیاقت گجر،اور دیگر نے خطاب کیا اسکے علاوہ تلاوت کلام پاک سردار نجیب نے ادا کی، تقریب کے آخر میں پارٹی کیک بھی کاٹا گیا ۔
 

شیئر: