Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآنی تعلیمات اور اسوہ ٔحسنہ پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے، ڈاکٹر اکرم

    جدہ ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹر نیشنل اسکول العزیزیہ کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم نے کہا ہے کہ  قرآن کریم اور اسوہ حسنہ   ہمارے لئے مشعل راہ اور دنیاوی و اخروی زندگی کی کامیابی و کامرانی کے ضامن ہیں ۔ وہ اسکول میں منعقدہ مقابلہ قرآت اور  سیرت النبی    کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ ڈاکٹر اکرم نے مزید کہا  کہ  ہماری فلاح و بہبود اور ترقی قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہی ہے ۔ اسلاف نے اپنی زندگیوں کو کتاب اللہ کی عملی تفسیر بنا یا تھا جس کی وجہ سے دنیا پرانکی حکمرانی قائم ہوئی ۔  اسلام جس تیزی سے پھیلا اس کی یہی وجہ تھی کہ ہمارے اسلاف قرآنی تعلیمات اور سنت نبوی    کو مضبوطی سے پکڑ کر اس پر عمل پیرا رہے ۔  انہو ںنے اسوہ حسنہ کے بارے میں کہا آپ    کی زندگی ہمارے لئے بہترین عملی نمونہ ہے ۔  آپ  سے محبت ایمان کا جزو ہے۔ اس کا تقاضہ اسوہ حسنہ پر مکمل   عمل ہے ۔ پرنسپل نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا آپ لوگ مستقبل کے معمار ہیں ۔ ملت اسلامیہ کو محض انجئینر ، ڈاکٹر ، فلاسفر اور ماہرین ہی نہیں بلکہ مسلم ڈاکٹر ، مسلم ماہرین اور مسلم فلاسفر درکار ہیں جو عملی زندگی میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ملت اسلامیہ کو ایک بار پھر بلندیوں پر لے جائیں ۔   ۔ پرنسپل نے تقریب کے انعقاد میں سیکشنل ہیڈز محمد خلیل عمران اور عبدالعلیم عامر کی مثالی کوششوں کو بھی سراہا ۔قبل ازیں تقریب کا آغاز جماعت دہم کے طالب علم حافظ سعید الحق کی تلاوت آیات ربانی سے ہوا ۔ نعت شریف کی سعادت احمد زبیر اور شیخ اجلال نے حاصل کی ۔ مقابلہ کا پہلا مرحلہ حسن قرات کا تھا جس میں پہلی پوزیشن عباد قاضی ، دوسری احمد نواز اور ابراہیم اسلم اور تیسری پوزیشن جماعت دہم کے طالب علم عمیر عابد نے حاصل کی ۔ دوسرا مقابلہ نعت خوانی کا تھا جس میں پہلی پوزیشن جماعت دواز دہم کے احمد زبیر ، دوسری جماعت ہفتم کے محمد شرجیل اسلم اور تیسری پوزیشن جماعت دہم کے علی رضا نے حاصل کی ۔ تقریب میں ججز کے فرائض حافظ سعید اللہ ، قاری شبیر احمد اور حافظ محمد شعیب نے ادا کئے ۔

 

شیئر: