Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفیر پاکستان کی سعودی وزیرمحنت و سماجی بہبود سے ملاقات

    ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے گزشتہ منگل کے روز سعودی وزیرمحنت اور سماجی بہبود علی بن ناصر الغفیص سے ریاض میں ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ انہوں نے وزیرمحنت کو حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ پاکستانی تارکین سے متعلقہ امور پر بات چیت کرتے ہوئے مملکت میں مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کے امکانات پر روشنی ڈالی اور خطے میں سب سے زیادہ پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مملکت کی تعمیر و ترقی میں پاکبانو ں کے بے مثال کردار کا بھی ذکر کیا۔ تربیت یافتہ پاکستانی افراد ی قوت کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کیلئے وزارت محنت کے وفد کے دورہ پاکستان کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیرمحنت نے اس ملاقات کیلئے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی تارکین کی فلاح کیلئے بھرپور تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مملکت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کے بے مثال کردار کو سراہا اور اس پیش رفت میں انہیں ایک اہم عنصر قرار دیا۔ وزیرمحنت نے وعدہ کیا کہ وہ متاثرہ پاکستانی محنت کشوں کے واجبات کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

شیئر: