Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی خلاف ورزیاں روکنے کےلئے کمیٹی کا قیام

 ریاض..... وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں یکم جنوری 2018 سے نافذ ہونے والے واٹ کی نگرانی کےلئے اعلی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت تجارت اور انکم اور زکوة کمیٹی کے اہلکاروں پر مشتمل مملکت کی سطح پرٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تجارتی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیں گی ۔ وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے اور انہیں دھوکہ د ہی سے بچانے کے لئے مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں تمام علاقوں سے ر پورٹس فوری طور پر پہنچ جائیں گی ۔ مرکزی کنٹرول روم میں موجود اہلکار خلاف ورزیوں کا جائزہ لے کر احکاما ت جاری کریں گے ۔ مرکزی کمیٹی میں 18 حکومتی اداروں کے نمائندہ افراد شامل ہیں ۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں کی مارکیٹوں میں ٹیمیں مستقل بنیادوں پر تفتیشی کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ اشیاءکے نرخوں میں غیر معمولی اضافہ نہ کیا جاسکے ۔ تاجروں کی جانب سے خلاف ورزی ثابت ہونے پر تفتیشی کمیٹی مقررہ تادیبی کارروائی کرنے کے بعد اپنی رپورٹ فوری طور پر مرکزی کمیٹی کو ارسال کرے گی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ جو کارروائی عمل میں لائی گئی ہے وہ درست ہے ۔ دریں اثناءانکم اور زکوة کمیٹی کی جانب سے کم آمدنی والے اداروں کو جو مہلت دی گئی ہے اس دوران وہ اپنے اداروں کے بارے میں درست معلومات سے وزارت کو مطلع کر دیں ۔ ایسے ادارے جن کی سالانہ آمدنی 10 لاکھ ریال سے کم ہے انہیں امسال رجسٹریشن سے استثنی حاصل ہے ۔ کمیٹی کی جانب سے رجسٹرڈ کمپنیوں کے بارے میں انٹر نیٹ پر معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں جس کےلئے وزارت نے ویب سائٹ        www.vat.gov.sa/ar/vat-?.taxpayer-lookup جاری کی ہے جس پر لاگ ان کرنے کے بعد یہ معلوم کیاجاسکتا ہے کہ جس کمپنی نے اپنا ٹیکس نمبر جو 15 اعداد پر مشتمل ہے ظاہر کیا ہے وہ ٹیکس وصول کرنے کی مجاز ہے یا نہیں ۔ غلط ٹیکس نمبر ظاہر کرنے والے اداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی ۔ انکم اور زکوة کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ کمپنیاں جو ادارے میں رجسٹرڈ نہیں ہیں انہیں یہ اختیار نہیں کہ وہ صارفین سے ٹیکس کی مد میں رقم حاصل کریں ایسا کرنے والوں کے بارے میں فوری طور پر 1900 ٹیلی فون نمبر پر اطلاع دی جائے ۔ 
 

شیئر: