رمضان سیزن میں حرمین ہائی سپیڈ ٹرین سروس کا آپریشنل پلان
رمضان سیزن کے پلان میں یومیہ بنیاد پر 100 سے زائد ٹرپس شامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریلوے نے ماہ رمضان کے دوران حرمین ہائی سپیڈ ٹرین سروس کا آپریشنل پلان جاری کیا ہے۔ یومیہ بنیاد پر ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ریلوے (سار) کا کہنا ہے’ رمضان کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سفر کی گنجائش بڑھانے کے لیے آپریشنل تیاری مکمل کرلی۔‘
رمضان سیزن کے پلان میں یومیہ بنیاد پر 100 سے زائد ٹرپس شامل ہیں جو نماز اور عمرہ زائرین کی آمد ورفت کے مطابق شیڈول کیے جائیں گے۔
حرمین ریلوے کے شیڈول کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ عمرہ زائرین کو نماز کےلیے سہولت مل سکے۔
رمضان سیزن میں حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کے ذریعے 1.7 ملین افراد کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی، تین ہزار 662 سے زیادہ ٹرپس کا پلان ہے۔
خیال رہے حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کا شمار دنیا کی تیز رفتار ٹرینوں میں ہوتا ہے جس کی انتہائی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
یہ اصلاحات مملکت کے وژن 2030 اور قومی حکمت عملی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کے مقاصد کے مطابق ہیں۔

یاد رہے سعودی ریلوے نے حال ہی میں سپین کی ایک کمپنی سے 20 نئی جدید ٹرینیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، ٹرینوں کی فراہمی 2028 سے 2031 کے درمیان مکمل ہوگی۔
حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کا بیڑا 35 ٹرینوں پرمشتمل ہے جس کے ذریعے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے درمیان مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
