ریکسوس مرجانہ: کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں مملکت کے سب سے بڑے ریزوٹ کا افتتاح
ریکسوس مرجانہ ریزوٹ میں ایک واٹر پارک بھی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخیطب نے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں ’ریکسوس مرجانہ‘ ریزوٹ کا افتتاح کر دیا ہے جو سیاحت کے لیے ترقیاتی فنڈ کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔
سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’ریکسوس مرجانہ‘ مملکت کا سب سے بڑا اور مکمل سہولتوں سے آراستہ ریزوٹ ہے۔
ریزوٹ کی افتتاحی تقریب میں فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر قصی الفاخری اور ریکسوس ہوٹلز کے چیئرمین فتاح تامینجہ بھی شریک تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ ’ریزوٹ کا قیام مملکت میں سیاحتی مقامات کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کا عکاس ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تفریحی منصوبے کے قیام سے سعودی شہریوں کے لیے 250 سے زائد ملازمت کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔‘
سیاحتی فنڈ کے سی ای او قصی الفاخری کا کہنا تھا کہ ’ریکسوس مرجانہ ریزوٹ نجی شعبے کو بااختیار بنانے اور سیاحتی مقامات کی ترقی میں بھی اہم سنگ میل ہے۔ ریزوٹ مہمان نوازی کے معیار کو بلند کرنے اور سیاحوں کو تفریح کا منفرد تجربہ پیش کرنے میں معاون ہوگا۔‘
خیال رہے ریکسوس مرجانہ ریزوٹ ایک مکمل تفریحی مقام ہے جہاں مرجانہ واٹر پارک بھی ہے۔
ریزوٹ میں مشرق وسطیٰ کی سطح کا سب سے بڑا سوئمنگ پول ہے جس کی لمبائی 111 میٹر ہے۔ اس کےعلاوہ ’سولارا‘ بیچ کلب بھی بنایا گیا ہے۔

ریزوٹ میں 11 مختلف اقسام کے واٹر گیمز ہیں جبکہ بچوں اور فیملی تفریح کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ساحلی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے معروف ریستوران بھی موجود ہیں۔
تفریحی ریزوٹ میں سمندری نظارے والے 488 کمرے اور 33 ولاز، فٹنس سینٹر، سپورٹس کمپلیکس اور میٹنگ و کانفرنس رومز کی جدید سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔