پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر کا جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ
منگل 17 فروری 2026 1:12
خالد خورشید -اردو نیوز، جدہ
پاکستان بحریہ کے جہاز پی این ایس خیبر نے پیر کو جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا ہے۔
پاکستانی کمیونٹی، پروفیشنلز اور میڈیا سے وابستہ افراد کو پاکستان بحریہ کے نئے جہاز کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن علی رضا نے قونصل جنرل سید مصطفی ربانی، رائل سعودی نیول فورس کے افسران، قونصلیٹ افسران، سعودی تاجروں اور کمیونٹی ارکان کا خیرمقدم کیا۔
بعد ازاں پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر نے عشائیہ دیا اور پاک سعودی فرینڈ شپ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
کمانڈنگ آفیسر نے اپنے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادانہ تعلقات سیاسی، سفارتی، اقتصادی، عسکری اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں قائم ہیں۔‘
‘پاکستان اور سعودی عرب مسلم دنیا میں پائیدار دفاعی شراکت داری کو برقرار رکھتے ہیں۔ حال ہی میں ایک سٹریٹیجک دفاعی معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات آنے والے دنوں میں نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔‘

پاک بحریہ کے نئے جہاز کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ سفارتی اور بحری تعلقات کو مزید فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
پی این ایس خیبر سٹیٹ آف آرٹ نیول یونٹ ہے۔ یہ سمندر کے اندر، سمندر کے اوپر اور فضا میں دشمن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا بنیادی کام سب میرین کو تلاش کرنا اور مقابلہ کرنا ہے۔ یہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔
پی این ایس خیبر استنبول شپ یارڈ میں تعمیر کیے جانے والے چار آف شور جہازوں میں سے دوسرا جہاز ہے۔ اسے جنوری 2026 میں پاکستان بحریہ کے حوالے کیا گیا۔ جدہ آمد سے قبل پی این ایس خیبر نے ترکیہ کی نیول بیس گُل چک کا دورہ کیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 2018 میں چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پایا تھا۔ ان میں سے ترکیہ میں دو جنگی بحری جہاز بابر اور خیبر مکمل کیے جا چکے ہیں۔
باقی دو جہاز پاکستان میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس میں ایک لیڈنگ جہاز پی این ایس بدر اور دوسرا پی این ایس طارق ہے۔
