سعودی فلم فیسٹیول کا اپریل میں انعقاد، کورین سنیما پر توجہ ہوگی
فیسٹیول میں ’سنیما آف دا جرنی‘ کے عنوان پر تحقیقی نظر ڈالی جائے گی (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
’کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر‘ کے اشتراک سے سنیما ایسوسی ایشن نے سعودی فلم فیسٹیول کا انتظام کیا ہے جو 23 سے 29 اپریل کے درمیان ظھران میں منعقد ہوگا۔ اس فیسٹیول کے لیے سعودی فلم کمیشن نے بھی تعاون کیا ہے۔
اس سال کے فلم فیسٹیول میں ’سنیما آف دا جرنی‘ کے عنوان پر تحقیقی نظر ڈالی جائے گی۔ اس سلسلے میں عرب اور بین الاقوامی فلموں کا ایک انتخاب پیش کیا جائے گا۔
فیسٹیول میں اُن فلموں پر بات ہوگی جن کی کہانی کے لازمی عُنصر میں مرکزی خیال، سفر اور حرکت سے متعلق ہوگا خواہ فلم مختصر دورانیے کی ہو یا طویل فیچر فلم۔
اس پروگرام میں سڑکوں سے متعلق فلمیں، سفرنامے اور وہ فلمیں جہاں جسمانی یا جذباتی سفر، کہانی کو آگے لے کر چلتا ہو، خاص طور پر توجہ کا محور رہیں گی۔
اس موضوع کے انتخاب کی وجہ سعودی فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے کہ وہ بھی اپنے اپنے زاویۂ نگاہ سے اس طرح کے عنوانات پر غور و فکر کریں۔
یہ فیسٹیول، سنیما کو ایک سے دوسری حالت میں منتقل ہونے کے مسلسل عمل کی حیثیت میں پیش کرتا ہے جو تبدیلی ایک اظہار ہے اور جہاں شناخت، مقام اور وقت مل کر انسانی تجربے کی تشکیل کرتے ہیں۔

گزشتہ سال، فیسٹیول کی توجہ جاپانی سنیما پر مرکوز رہی تھی لیکن اس سال کورین سنیما مرکزِ نگاہ رہے گا۔
احمد الملا نے جو سعودی فلم فیسٹیول کے بانی اور ڈائریکٹر ہیں، ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اپنی اس سالانہ نشست میں فلمسازوں کو خوش آمدید کہنے میں بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ ہمارے دروازے ہر طرح کے تخلیق کاروں کے لیے کھلے ہیں اور ہم جو بھی کریں گے، اس میں فلسمازوں کا کردار مرکزی ہوگا۔‘
’اس سال کے فیسٹیول میں فضا میں ہر جگہ جذبہ ہی جذبہ ہے، خیالات کا تبادلہ ہے اور ایک دوسرے سے سیکھنے کی لگن ہے۔ یہ ہم سب کے لیے سنیمائی تخلیق کے سیاق و سباق میں خوشی کا مقام ہے۔‘

طارق الخواجی نے جو فیسٹیول کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں کہا ’اثراء میں ہم سنیما ایسوسی ایشن کے ساتھ اپنی طویل شراکت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اس سے فیسٹیول میں بہتری آئی ہے اور ہر سال اسے طرح طرح کے موضوعات ملے ہیں۔ یہ بات یوں بھی واضح ہوتی ہے کہ ہم اپنے فلمسازوں کو کیسے بااختیار بناتے ہیں اور عالمی سنیما کے ساتھ رابطے استوار کرنے کے مواقع کس طرح پیدا کرتے ہیں۔‘
انھوں نے کہا ’یہ فیسٹیول ہر سطح پر ترقی کی طرف گامزن ہے، خواہ اس کی تیاریاں ہوں اور اس میں لوگوں کی شرکت یا پھر اس فسیٹول سے مقامی اور علاقائی صنعت کی توقعات وابستہ ہوں۔ یہ بات ہرچیز پر تفصیل کے ساتھ توجہ کو لازمی بنا دیتی ہے۔‘
سنہ 2008 میں اپنے آغاز سے اب تک، سعودی فلم فیسٹیول نے مقامی اور خلیج کے سنیما کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

شروع شروع میں وقفوں کے ساتھ ابتدائی ایڈیشنوں کے بعد اب بیانیہ ہو یا دستاویزی مقابلے، صنعت سے متعلق پروگرام ہوں یا پروجیکٹس کی مارکیٹ، اس فیسٹیول کی حیثیت ایک سالانہ پلیٹ فارم کے طور پر مستحکم ہو چکی ہے۔
جانے مانے یا ابھرتے ہوئے فلمسازوں کو ظھران میں ہر سال ایک جگہ اکٹھا کر کے یہ فیسٹیول، فلم کے بین الاقوامی سٹیج پر سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو مذید تقویت دے رہا ہے۔
