Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکس چور فرار ہوسکتے ہیں، چھپ نہیں سکتے، مودی حکومت

    نئی دہلی- - - - - -  مرکز  میں برسراقتدار بی جے پی کی مودی حکومت ٹیکس نادہندگان  کے پیچھے پڑ چکی ہے،  مودی حکومت نے نئے سال پر  واضح پیغام  دیا ہے کہ  کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ٹیکس نادہندگان کتنی دور تک بھاگتے ہیں، ہم ان کو پکڑ ہی لیں گے۔  اس کیلئے حکومت ایک بڑے ڈیٹا کی   مدد لے رہی ہے لیکن   جب اس سے بھی  اطمینان نہیں ملا  تو اس نے ٹیکس چوروں کا پتہ لگانے کیلئے  طریقہ کار ہی تبدیل کردیا ہے۔  مودی  حکومت نے  کہا ہے کہ  نئے طریقہ کار سے ٹیکس  حکام کو  بینکنگ ، انشورنس  اور  میونسپل  ریکارڈ  میں جمع کئے جانے والے ڈیٹا  کو  استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔  ایسے افراد  جو ٹیکس چوری کررہے ہیں اور جن لوگوں نے انکم ٹیکس کے نوٹس سے بچنے کیلئے  غلط پتے  درج کرائے ہیں یا پھر  پتے تبدیل کردیئے گئے ہیں  ان کو  تلاش کرنے کیلئے  محکمہ انکم ٹیکس  نادہندگان کے بینکنگ  انشورنس اور میونسپلٹیوں میں  درج  املاک سے   انہیں تلاش کرے گی  اور ان تک  پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ حکومت  نے یہ بھی کہا ہے کہ  جس طرح  اب تک ٹیکس نادہندگان نوٹس نہ ملنے کا بہانہ لے کر ٹیکس کی ادائیگی  سے بچتے رہے ہیں  اب ان کیلئے ایسا کرنا ممکن نہیں  ہوپائے گا کیونکہ ٹیکس دہندگان  کے  گھر وں اور املاک  نیز  دستاویزات  سے ان کے اصلی ٹھکانوں کا  پتہ لگایا جاسکے گا۔  ٹیکس  دہندگان اب تک  مستقل  اکاؤنٹ نمبر (پین) ، انکم ٹیکس ریٹرن میں درج پتے  یا دوسرے  ٹیکس سے متعلق معلومات  پر ہی نوٹس وصول کرتے تھے اور پھر  اچانک ہی اپنا پتہ  تبدیل کرلیتے تھے جس کے نتیجے میں انکم ٹیکس کا نوٹس  پرانے پتے سے  واپس بھیج دیا جاتا تھا۔  اب حکومت نے  ان تمام دستاویزات کو آن لائن کرنے کا حکم  جاری کردیا ہے جس میں ہر شہری  کا صحیح پتہ درج ہے۔  عام لوگوں کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہوگی، صرف وہ افراد  جو  ٹیکس دہندگان ہیں اور جو   وقت پر ٹیکس  ادا نہیں کرتے یا پھر ٹیکس چوری کے عادی بن چکے ہیں  وہ حکومت کی پکڑ سے باہر نہیں جاسکتے۔  حکومت کا کہنا ہے کہ بیشک  وہ  فرار ہوسکتے ہیں لیکن کہیں  چھپ نہیں سکتے۔ جہاں بھی ہونگے انہیں تلاش کرلیا جائے گا۔

شیئر: