بالی وُڈ آئیکون ریکھا سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی
ریکھا نے ایک بیان میں کہا کہ ’امراء و جان’ میری روح کے تانے بانے میں گندھی ہوئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ ریکھا سعودی عرب میں ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گی، جہاں مظفر علی کی 1981ء کی کلاسک فلم ’امراء و جان‘ کی نئی (ریسٹورڈ) ورژن کی خصوصی نمائش کی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فلم پہلی بار انڈیا سے باہر دکھائی جائے گی۔
یہ وہی فلم ہے جس پر ریکھا نے نیشنل فلم ایوارڈ جیتا تھا، جس میں انہوں نے 19ویں صدی کے لکھنؤ کی ایک شاعرہ و طوائف کا کردار ادا کیا تھا۔
ریکھا نے ایک بیان میں کہا کہ ’امراء و جان’ میری روح کے تانے بانے میں گندھی ہوئی ہے۔ وہ محض ایک کردار نہیں بلکہ میرے احساسات اور خوابوں کی گہرائیوں کا آئینہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ میری روح کی عکاس ہے، جو لاتعداد زندگیوں کی بازگشت میں ایک ایسا بیانیہ پیش کرتی ہے جو لاکھوں دلوں کی دھڑکنوں سے ہم آہنگ ہے۔‘
ریکھا نے مزید کہا کہ ’یہ میرے لیے نہایت پُر مسرت اور بامعنی لمحہ ہے کہ 45 سال بعد یہ دل کو چھو لینے والی فلم نئی زندگی پائے گی اور نئے ناظرین سے روبرو ہوگی۔ اور یہ لمحہ اس وقت مزید یادگار بن جاتا ہے جب 1981 کی کلاسک ‘امراءو جان’ کو ریڈ سی فلم فیسٹیول کے ‘ٹریژرز’ سیکشن میں الفریڈ ہِچکاک کی فلم کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ایک نعمت بھی ہے اور عاجزی سے بھرا ہوا تجربہ بھی۔‘
یہ فلم نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور نیشنل فلم آرکائیو آف انڈیا نے نیشنل فلم ہیریٹیج مشن کے تحت بحال کی ہے۔
فلم کو جدہ میں منعقد ہونے والے ریڈ سی فیسٹیول کے Treasures strand (خزانے کے سیکشن) میں دکھایا جائے گا، جو عالمی اور عرب کلاسک فلموں کے لیے مخصوص ہے۔
اس سیکشن میں شامل دیگر فلموں میں الفریڈ ہچکاک کی 1944 کی تھرلر Spellbound لیوک بسوں کی Le Grand Bleu، اور چارلی چپلن، لیو مک کیری، بسٹر کیٹن اور ایڈی کلائن کی خاموش فلموں پر مشتمل Silent Spectacular شامل ہیں۔
