Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکھنؤ: یوگی حکومت نے حج ہاؤس کی دیواروں کو بھی بھگوا کرادیا

    لکھنؤ- - - - - وزیراعلیٰ یوگی نے جمعہ کو لکھنؤ میں حج ہائوس کا افتتاح کر دیا ۔ بنارس سے واپس آکر وزیراعلیٰ کے ذریعہ حج ہاؤس کی رونمائی کے موقع پر وہاں لوگوں نے جو نئی چیز دیکھی وہ تھی یوپی اینکسی اور دوسری عمارتوں کی طرح حج ہاؤس کا رنگ بھی بدلا ہوا تھا۔ اس پر بی جے پی حکومت نے بھگوا رنگ کرادیا ہے۔ ریاستی وزیر محسن رضا نے بھگوا رنگ چڑھا کر وزیراعلیٰ سے اس کی رونمائی کرائی ۔اخبار نویسوں سے انھوں نے کہا کہ بھگوا رنگ کسی مذہب سے نہیں بلکہ اس کا تعلق پاکیزگی سے ہے۔اسکے علاوہ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ بھگوا رنگ طاقت اور توانائی کی علامت ہے۔محسن رضا کے مطابق عمارت پر کونسا رنگ ہے اُسے متنازعہ نہ بنایا جائے ۔ اس سے قبل حج ہاؤس کی بیرونی دیواروں پر سفید اور سبز رنگ تھا جس کو ہٹا کر وہاں بھگوا رنگ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ یوگی کی اینکسی ،دفتر اور دوسرے محکموں کے دفاتر کی عمارتوں پر بھی زعفرانی رنگ کیا جا رہا ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 90فیصد سرکاری عمارتوں پر بھگوا رنگ کیا جا چکا ہے ۔ حج ہائوس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اس کی بیرونی دیواروں پر بھی بھگوا رنگ کیا گیا ہے جبکہ اندرونی حصے میں سفید اور سبز رنگ ہی موجود ہے ۔ حج ہاؤس کے اس نئے روپ کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں ۔ خبروں کے مطابق اقلیتی فلاحی بورڈ کی طرف سے حج ہاؤس کی دیواروں پر بھگوا پینٹ کرایا گیا ہے ۔ وزیر اوقاف محسن رضا نے کہا کہ انہیں بھگوا رنگ میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی بلکہ اس سے عمارت مزید چمکدا ر لگتی ہے ۔ اپوزیشن کے پاس ہمارے خلاف کوئی بڑا مدعا نہیں اس لئے وہ اس غیر متعلقہ معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ یوگی مسلمانوں کیلئے اچھا کام کر رہے ہیں اور حج ہاؤس کا افتتاح اس بات کا بین ثبوت ہے کہ وہ ریاست میں رہنے والے ہر فرقے کے لوگوں کی ترقی کے خواہاں ہیں ۔

شیئر: