Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفرور بزنس مین و جے مالیہ اشتہاری مجرم قرار

      نئی دہلی- - - - - مفرور بزنس مین وجے مالیہ کو نئی دہلی کی ایک عدالت نے ان پر عائد الزامات کی جواب دہی کے لیے حاضر نہ ہونے کی پاداش میں اشتہاری مجرم قرار دے دیا ہے۔ مالیہ پر غیر ملکی کرنسی کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔اس عدالتی فیصلے کے بعد مرکزی حکومت کے لیے ان کے کاروبار اور جائداد کی ضبطگی کا راستہ کھل گیا ہے۔  وجے مالیہ اس وقت لندن میں ہیں جہاں ایک عدالتی سماعت میں اس بات کا فیصلہ کیا جارہا ہے کہ انہیں ہندوستانی درخواست پر ہند کے حوالے کیا جائے یا نہیں۔61 سالہ وجے مالیہ اب سے چند برس قبل تک ملک کے کامیاب ترین کاروباری شخصیت مانے جاتے تھے۔ انہوں نے کنگ فشر کے نام فارمولا ون اورایئرلائن کے کاروبار میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ وہ ایف ون ٹیم فورس انڈیا کے شریک مالک جبکہ انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم رائل چیلینجرز بنگلور کے مالک ہیں۔وجے پر الزام ہے کہ انہوں نے لندن اور دیگر مغربی ممالک میں ہوئی فارمولا ون ورلڈ چیمپئین شپ کے دوران ایک برطانوی کمپنی کو 2 لاکھ ڈالر ادا کیے تھے تاکہ وہ ان کی کمپنی کنگ فشر کا لوگو تشہیر  کے لیے استعمال کرے ۔ ہندوستانی حکام کے مطابق انہوں نے یہ ادائیگی قانون کے مطابق  ملک کے مرکزی بینک کی اجازت کے بغیر کی تھی۔دوسری جانب ہندوستانی بینکوں نے رقم کی وصولی کے لیے وجے مالیہ پر مقدمہ کررکھا ہے۔ بینکوں کا دعویٰ ہے کہ وجے کی 2012 میں بند ہوجانے والی کنگ فشر ایئرلائنز پر 1.4 ارب ڈالر واجب الادا ہیں تاہم قرضہ ادا کرنے کے بجائے وہ برطانیہ میں روپوش ہو گئے۔ اسی طرح ملک کی مختلف عدالتوں نے ان کیخلاف درجنوں گرفتاری وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔اس سلسلے میں مرکزی حکومت نے وجے مالیہ کی حوالگی کے لئے برطانوی حکومت سے اپیل کر رکھی ہے جس کی سماعت کی جا رہی ہے۔

شیئر: