سعودی دارالحکومت ریاض، عالمی باکسنگ کا مرکز
ریاض سے لاس اینجلس، لندن اور لاس ویگاس اور اہرامِ جیزہ تک ریاض سیزن نے بڑے باکسنگ مقابلوں کا انعقاد کیا (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض سیزن کے باکسنگ مقابلوں نے کھیل پر ایک گہرا اثر چھوڑا ہے۔ان مقابلوں میں باکسنگ کے نامور چیمپیئنز ایک ساتھ آئے، عالمی اعزازات کے فیصلے ہوئے اور اس کھیل کی تاریخ میں نئے باب رقم ہوئے۔
ریاض سے لاس اینجلس، لندن اور لاس ویگاس اور اہرامِ جیزہ تک ریاض سیزن نے بڑے باکسنگ مقابلوں کا انعقاد کیا اور اہم ایونٹس کی سرپرستی کی جنہیں سٹیڈیمز میں موجود شائقین اور سکرینوں پر بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا۔
ان مقابلوں نے کھیل کی اہمیت کے ساتھ شائقین کی بڑی تعداد اور عالمی سطح پر توجہ بھی حاصل کی۔ ان کے نتائج نے باکسرز کے کیریئر اور عالمی ٹائٹلز کی صورتحال پر بھی اثر ڈالا۔
ریاض سیزن کے ساتویں ایڈیشن کے نمایاں مقابلوں میں ’میکسیکو بمقابلہ دی ورلڈ‘ بھی ہے جس میں ساؤل کینیلو الواریز اور کرسچین بیلی نمایاں ہیں۔
ریاض عالمی باکسنگ ٹائٹلز یکجا ہونے کا مقام
18 مئی 2024 کو ریاض کے کنگڈم ایرینا میں ’رنگ آف فائر‘ کے نام سے مقابلے میں اولیکسینڈر اوسک اور ٹائیسن فیوری آمنے سامنے آئے۔ اوسک نے سپلٹ ڈسیژن کے ذریعے کامیابی حاصل کرکے غیر متنازع ہیوی ویٹ عالمی چیمپیئن کا اعزاز جیت لیا۔
یہ نتیجہ باکسنگ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اوسک 1999 کے بعد پہلے غیر متنازع ہیوی ویٹ چیمپیئن بنے اور اس کیٹیگری کے چاروں بڑے عالمی ٹائٹلز اپنے نام کرنے والے پہلے باکسر قرار پائے۔ ان میں ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن، ورلڈ باکسنگ کونسل، انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن اور ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے ٹائٹلز شامل ہیں۔
ریاض سیزن کے اس مقابلے کے نتیجے میں غیر متنازع ہیوی ویٹ چیمپیئن کے لیے تقریباً 25 سال کا انتظار ختم ہوا۔ اس طرح عالمی باکسنگ کے بڑے ٹائٹلز کے فیصلے کرنے والے مقابلوں کے مرکز کے طور پر سعودی دارالحکومت کی حیثیت مزید مستحکم ہوئی۔

لاس اینجلس سے ویمبلی تک
تین اگست 2024 کو ’ریاض سیزن کارڈ‘ کے ذریعے پہلی بار سعودی عرب سے باہر لاس اینجلس میں باکسنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ بی ایم او سٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے کے مرکزی فائٹ میں امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ اور ازبکستان کے اسرائیل مدریموف آمنے سامنے آئے۔
کرافورڈ نے متفقہ فیصلے کے ذریعے کامیابی حاصل کی اور ڈبلیو بی اے سپر ویلٹر ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ چار مختلف ویٹ کیٹیگریز میں عالمی چیمپیئن بن گئے۔
یہ ایونٹ ریاض سیزن کی بین الاقوامی توسیع کی جانب ایک اہم قدم تھا اور اس نے باکسنگ کے نمایاں ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے کیریئر میں ایک اور بڑی کامیابی کا اضافہ کیا۔
اسی سال 21 ستمبر کو لندن کے ویمبلی سٹیڈیم میں ’ریاض سیزن کارڈ: ویمبلی ایڈیشن‘ کے تحت انتھونی جوشوا اور ڈینیئل ڈوبوا کے درمیان مقابلہ ہوا جسے 96 ہزار شائقین نے دیکھا۔
ڈوبوا نے پانچویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا آئی بی ایف ہیوی ویٹ عالمی ٹائٹل برقرار رکھا۔

لاس ویگاس: سٹیڈیم اور سکرین پر شائقین کی بڑی تعداد
13 ستمبر 2025 کو لاس ویگاس میں کینیلو الواریز اور ٹیرنس کرافورڈ کے درمیان غیر متنازع سپر مڈل ویٹ عالمی چیمپیئن شپ کے لیے مقابلہ ہوا۔ باکسنگ کے دو بڑے ناموں کے درمیان یہ فائٹ 12 راؤنڈز کے بعد کرافورڈ کی متفقہ فیصلے سے کامیابی پر ختم ہوئی۔
اس مقابلے کو الیجیئنٹ سٹیڈیم میں 70 ہزار 482 شائقین نے دیکھا جبکہ ٹکٹوں کی فروخت سے 47 ملین ڈالر سے زیادہ آمدنی ہوئی جو اس سٹیڈیم میں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔
اس فائٹ کو نیٹ فلکس پر 41 ملین بار دیکھا گیا۔ یہ پلیٹ فارم پر 30 ممالک میں پہلے نمبر پر رہی جبکہ 91 ممالک میں ٹاپ 10 پروگراموں میں شامل ہوئی جو اس کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
گلوری اِن جیزہ: اہرامِ جیزہ کے مقام پر باکسنگ مقابلہ
ریاض سیزن کی سرگرمیوں کا دائرہ مصر تک بھی پھیل گیا جہاں اس نے 23 مئی 2026 کو اہرامِ جیزہ کے مقام پر منعقد ہونے والے ’گلوری اِن جیزہ‘ ایونٹ کی سرپرستی کی۔

میکسیکو بمقابلہ دی ورلڈ: یہ سلسلہ جاری ہے
ریاض سیزن کے ساتویں ایڈیشن میں ’میکسیکو بمقابلہ دی ورلڈ‘ کے نام سے ہونے والے مقابلے نے اس سلسلے میں ایک اور باب کا اضافہ کیا۔ اس فائٹ میں کینیلو الواریز اور کرسچین بیلی نمایاں ہیں۔
کینیلو نے 12 راؤنڈز پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد بیلی کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی سپر مڈل ویٹ ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کر لیا۔
ریاض میں عالمی باکسنگ ٹائٹلز کے مقابلوں سے لے کر ویمبلی اور لاس ویگاس کے بھرے سٹیڈیمز اور سکرینوں پر لاکھوں ناظرین تک، ریاض سیزن نے بڑے باکسنگ مقابلوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ ’میکسیکو بمقابلہ دی ورلڈ‘ کا مقابلہ بھی ریاض سیزن کے ساتویں ایڈیشن میں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔