Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’علم اور تجربات کے تبادلے کا موقع‘: ریاض میں یورپین فلم فیسٹیول کا پانچواں ایڈیشن

یورپین فلم فیسٹیول ایک بار پھر سعودی دارالحکومت ریاض میں شروع ہو گیا ہے جہاں شائقین کو یورپ بھر کی کہانیاں دیکھنے اور اس کی فلمی صنعتوں کے بارے میں جاننے کی دعوت دی جا رہی ہے۔
سعودی عرب میں یورپی یونین کے سفیر کرسٹوف فارنو نے کہا کہ ’یورپی سنیما کی ایک طویل تاریخ ہے اور اس شعبے میں یورپ کو مہارت حاصل ہے۔ ہمیں اس پر فخر ہے اور ہم اسے اپنے سعودی دوستوں کے ساتھ شئیر کرنے پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں۔ لیکن یہ صرف یورپ کے بارے میں نہیں بلکہ سعودی معاشرے کے بارے میں بھی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں سعودی عرب کی فلمی صنعت کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جو غیر معمولی طور پر متحرک ہے اور تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔‘
اس سال کے پروگرام کے ذریعے سعودی شائقین کو فلمی تجربات سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔
اس فیسٹیول کا اہتمام سعودی عرب میں یورپی یونین کے وفد نے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے تعاون سے کیا ہے جبکہ سعودی فلم کمیشن نے اس کی معاونت کی ہے۔
فیسٹیول پیر کو شروع ہوا اور 11 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران ووکس سنیماز میں عوام کے لیے فلموں کی نمائش کی جائے گی۔
یورپی فلمیں مقامی سنیما میں دکھانے کے علاوہ یہ ایونٹ فلم سازی اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کے درمیان تعاون پر تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
سعودی اداکارہ غادہ الملا کے لیے اس فلم فیسٹیول میں شرکت اب ہر سال کی روایت بن چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ تقریب یورپی سنیما کو جاننے اور فلموں کے ذریعے تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت اچھا ہے کیونکہ اس کے ذریعے یورپی فلموں کے ذریعے علم اور تجربات کے تبادلے کا موقع ملتا ہے۔‘
سعودی عرب میں پہلا یورپی فلم فیسٹیول جون 2022 میں منعقد ہوا تھا جس کا آغاز فرانسیسی فلم ’پرفیومز‘ سے ہوا تھا۔ اس فیسٹیول میں یورپ کی 13 دیگر فلمیں بھی پیش کی گئی تھیں۔

شیئر: