امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن کو دھچکا لگا ہے اور اس کے اثرات امریکہ کی داخلی سیاست کے علاوہ عالمی تعلقات تک پر مرتب ہونے کے بھی امکانات ہیں۔
انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ایران کے ساتھ امریکی پالیسی، مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور واشنگٹن کی خارجہ ترجیحات میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی بحث شروع ہو گئی ہے۔
اس بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے میں پاکستان کے لیے کیا امکانات اور چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں؟ کیا ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں پر کانگریس کا اثر و رسوخ بڑھنے سے پاک امریکہ تعلقات میں کوئی تبدیلی آ سکتی ہے اور کیا اس کے اثرات پاکستان کی داخلی سیاست پر بھی پڑ سکتے ہیں؟
ایسے سوالات کے جواب جاننے کے لیے اردو نیوز نے پاک امریکہ تعلقات پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین اور تجزیہ کاروں سے گفتگو کی ہے۔
مزید پڑھیں
قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے ’ایریا سٹڈی سینٹر‘ کے ڈائریکٹر اور بین الاقوامی امور کے ماہر ڈاکٹر راجہ قیصر احمد کہتے ہیں کہ ’میرے نزدیک مڈ ٹرم الیکشنز کے نتائج کا پاکستان کے لیے واشنگٹن میں سفارتی معاملات پر بہت زیادہ اثر نہیں ہو گا۔ صدر ٹرمپ خارجہ پالیسی میں اپنا مرکزی کردار برقرار رکھیں گے، تاہم مخالف جماعت کی اکثریت رکھنے والی کانگریس مالی وسائل، قانون سازی اور نگرانی کے ذریعے ان کی پالیسیوں پر اثرانداز ہو سکے گی۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان کو وائٹ ہاؤس کے ساتھ روابط کے علاوہ کانگریس میں دونوں جماعتوں سے تعلقات مضبوط کرنا ہوں گے۔ باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ عالمی سیاست کے ابھرتے ہوئے منظرنامے میں مشرق وسطیٰ اور پاکستان کا کردار نظرانداز کرنا مشکل ہو گا۔‘
راجہ قیصر احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پاکستان کی پوزیشن میں فوری اور بنیادی تبدیلی کا امکان محدود ہے۔ پاکستان کی داخلی سیاست کا رخ زیادہ تر ملکی اداروں کے باہمی تعلقات، معاشی حالات، عوامی دباؤ اور سیاسی قوتوں کی حکمت عملی سے متعین ہو گا۔‘
انہوں نے ان عوامل کی نشاندہی بھی کی جن پر نئی امریکی سیاسی صورت حال اثرانداز ہو سکتی ہے۔
’حزبِ اختلاف کو اپنا مؤقف امریکی قانون سازوں تک پہنچانے کے زیادہ مواقع مل سکتے ہیں لیکن اس سفارتی رسائی کو پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی یا کسی مخصوص سیاسی رہنما کے لیے عملی ریلیف کی ضمانت سمجھنا قبل از وقت ہو گا۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ ’میرے نزدیک پاکستان کے داخلی سیاسی فیصلوں میں بنیادی اہمیت ملکی ضروریات، آئینی تقاضوں اور قومی مفاد کو حاصل رہے گی۔ امریکی کانگریس میں طاقت کا توازن بدلنے سے بعض سفارتی دباؤ پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم پاکستان اپنے سیاسی اور انتظامی فیصلے کرنے کی خودمختار صلاحیت رکھتا ہے۔‘
ان کے بقول ’ریاستی استحکام، انسدادِ دہشت گردی اور معاشی بحالی جیسے مشترکہ مفادات پاک امریکہ تعاون کے تسلسل کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ سیاسی مکالمے، قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرنے کے اقدامات پاکستان کی اپنی ضرورت ہیں، اور ان میں پیش رفت ملک کی داخلی مضبوطی کے ساتھ اس کی بین الاقوامی حیثیت بھی بہتر بنائے گی۔‘
'میرا خیال ہے مسئلہ ایران جنگ نہیں بلکہ پیٹرول کی قیمتیں ہیں'، امریکی صدر ٹرمپ کا مڈ ٹرم انتخابات میں شکست پر ردعمل دیکھیے۔ pic.twitter.com/LRC0KiSaMD
— Urdu News (@UrduNewsCom) November 4, 2026
دوسری جانب تجزیہ کار اعزاز سید کے مطابق ’پاکستان کا حکمران طبقہ ٹرمپ سے تعلقات کو پاکستان میں اپنے مخالفین پر طاقت کے استعمال کی حمایت کے طور پر استعمال کرتا رہا ہے۔ نئی صورت حال میں حکمران داخلی طور پر تو کمزور نہیں ہوں گے تاہم بیرونی طور پر ان کی سپورٹ بیس کو دھچکا لگ سکتا ہے۔‘
اعزاز سید کے مطابق ’پاکستان میں اندرونی سطح پر حکمران طبقہ خود کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔ ایسے میں داخلی کرداروں کا ردعمل ہی صورت حال کا تعین کرئے گا۔ فی الحال داخلی سطح پر کوئی فوری تبدیلی نظر نہیں آرہی تاہم اپوزیشن کو کوئی چھوٹی موٹی رعایت ضرور مل سکتی ہے۔‘
عالمی امور کے صحافی اور تجزیہ کار کامران یوسف خیال ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کے باوجود فوری طور پر پاکستان پر اس کے براہ راست اثرات مرتب ہونے کا امکان نہیں ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ ہی آئندہ دو سال تک امریکہ کے صدر رہیں گے۔
’اس وقت سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اس سیاسی صورت میں ٹرمپ ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی میں کیا تبدیلی لاتے ہیں جو پاکستان کا پڑوسی ہے اور ایران تنازع کی وجہ سے ہی امریکی صدر کی پاکستان کے ساتھ قربت بڑھی۔ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ کرکے تنازع سے نکلنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اس سے پاکستان پر موجود مختلف دباؤ، بشمول دفاعی معاہدے اور ایران سے متعلق جنگ کے اثرات کم ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تیل کی بڑھتی قیمتوں، توانائی کے اخراجات اور مالیاتی غیر یقینی صورت حال کے تناظر میں بھی پاکستان کو ریلیف مل سکتا ہے۔‘
تاہم کامران یوسف نے ایک اور پہلو کی طرف بھی اشارہ کیا۔
’ممکن ہے کہ انتخابی شکست کے بعد صدر ٹرمپ اپنی سیاسی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے ایران کے خلاف کسی بڑی کارروائی کا فیصلہ کریں۔ ایسی صورت حال میں پاکستان بھی اس تنازع کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔‘
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے کامران یوسف کا کہنا تھا کہ ’دونوں کے تعلقات ہمیشہ سے مفادات اور ضرورتوں کی بنیاد پر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد ان تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ریپبلکنز کی انتخابی شکست کے باوجود واشنگٹن میں پاکستان کی اہمیت برقرار رہنے کا امکان ہے، چاہے وہاں ڈیموکریٹس ہوں یا ریپبلکنز۔‘
ان کے مطابق ’ممکن ہے کہ ٹرمپ کی جانب سے گرم جوشی اور کھل کر تعریف کا عنصر کم ہوجائے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہت نیچے آئیں گے۔ آئندہ دو سال کے دوران امریکی انتظامیہ کی زیادہ توجہ داخلی سیاست اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر مرکوز رہنے کا امکان ہے۔ اگر امریکہ ایران کے ساتھ تنازع سے نکل بھی جاتا ہے تو اس کی توجہ زیادہ تر اپنے اندرونی معاملات پر ہو گی۔‘
'آج ہم اس ’انشاءاللہ‘ کو ’الحمدللہ‘ میں بدل سکتے ہیں'، امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن عبدل السید کا خطاب اور اہلیہ سے گلے ملنے کا لمحہ وائرل۔ pic.twitter.com/cRMHM8lJuL
— Urdu News (@UrduNewsCom) November 4, 2026












