Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روسی جھیل میں ریچھ کے بچوں کا ’’باکسنگ‘‘ مقابلہ

کمچاٹکا، کوریلیک، روس..... روس کے شمالی علاقے کمچاٹکا کی مشہور سیاحتی جھیل کوریل کی سر کو آئے ہوئے ایک اطالوی سیاح  الیسنڈرو بورمیڈا کو اس وقت اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا جب ریچھ کے بچے کسی پیشہ ور باکسر کی طرح ایک دوسرے پر مکے برسا رہے تھے۔ انکا انداز انتہائی جارحانہ تھا۔ 29سالہ سیاح جو بنیادی طور پر ایک فوٹو گرافر بھی ہیں، نے کہا کہ وہ کافی دیر تک یہ لڑائی دیکھتا رہا اور اسکے خیال میں ریچھ کے دونوں بچے کھیل تماشے کیلئے ایک دوسرے پر مکے نہیں برسا رہے تھے بلکہ مستقبل کی حقیقی جنگ کی مشق کررہے تھے تاکہ وہ وقت پڑنے پر دشمن کے دانت کھٹے کرسکیں۔ یقینی طور پر دونوں بچوں نے وہ دستانے نہیں پہنے ہوئے تھے جو عام باکسر پہنتے ہیں لیکن انکے خوفناک پنجے بہرحال کسی کو زخمی کرنے کیلئے کافی تھے کیونکہ ان پنجوں کے ناخن انتہائی نوکیلے اور دھار دار تھے۔ فوٹو گرافر نے  موقع کی کئی تصاویر اتاریں اور پھر اسے بہت سی اُن تصاویر سے ملایا جو باکسنگ کے پیشہ ورانہ مقابلوں کے دوران اس نے اتاری تھیں اوردونوں مقابلوں کی حیرت انگیز مماثلت دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔ ریچھ کے یہ بچے بھی اپنے ہاتھ اور پائوں اسی طرح پورے یقین اور اعتماد کیساتھ استعمال کررہے تھے جیسے کسی بڑے انعام کیلئے باکسر لڑتے ہیں۔ جہاں وہ حملے میں کسی سے کم نہیں تھے، اسی طرح ایک دوسرے کے حملوں سے بچنے کی ترکیب بھی انہیں بہت اچھی طرح سے آتی تھی۔ فوٹو گرافر کا کہنا تھا کہ لڑنے والے دونوں بھائی تھے جن میں ایک بھائی انجام کار ناک آؤٹ ہوگیا اور پھر دونوں بھائی گلے ملتے نظر آئے۔ جب ایک بھائی زمین پر گر گیا تو دوسرے نے اسے گلے سے لگا کر پیار کیا۔ یہ ساری تفصیلات ایسی ہیں کہ جب تک آپ اسے دیکھ نہ لیں یقین کرنا مشکل ہوگا۔ دونوں بھائیوں کی لڑائی اس وقت ہوئی جب انکی ماں قریب ہی مچھلیاں پکڑنے میں مصروف تھی تاکہ اپنے بچوں کا پیٹ بھر سکے اور انہیں زیادہ توانا بناسکے۔

شیئر: