Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی صدر 26 مئی کو اپنا طبی معائنہ کرائیں گے، کیا ٹرمپ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل صحت مند ہیں؟

ارب پتی صدر ٹرمپ، جو اگلے ماہ 80 برس کے ہو جائیں گے، مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل صحت مند ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وائٹ ہاؤس نے پیر کے روز بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 26 مئی کو والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں اپنا سالانہ طبی معائنے کروائیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا کہ ’اس میں صدر کے معمول کے سالانہ دانتوں اور طبی معائنے شامل ہوں گے، جو ان کی باقاعدہ احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کا حصہ ہیں۔‘
ریپبلکن ارب پتی ٹرمپ، جو اگلے ماہ 80 برس کے ہو جائیں گے، مسلسل میڈیا کو یہ کہتے رہے ہیں کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل صحت مند ہیں۔
اکتوبر میں صد ٹرمپ نے 2025 کا اپنا دوسرا بڑا طبی معائنہ کروایا تھا، جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے دورے کے دوران کیے گئے ایم آر آئی  سکین سے ظاہر ہوا کہ ان کی قلبی صحت ’بہترین‘ ہے۔
اس وقت وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں ان کے ڈاکٹر، نیوی کے کیپٹن سین باربابیلا نے لکھا تھا کہ ’ان کی قلبی عمر،  جو ای سی جی کے ذریعے دل کی صحت جانچنے کا ایک مستند پیمانہ ہے،  ان کی اصل عمر سے تقریباً 14 سال کم پائی گئی۔ وہ اب بھی بغیر کسی پابندی کے مصروف روزمرہ شیڈول برقرار رکھے ہوئے ہیں۔‘
صدر ٹرمپ نے گزشتہ اپریل میں بھی اپنا طبی معائنہ کروایا تھا۔
دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد، صدر ٹرمپ، جو امریکی تاریخ میں حلف اٹھانے والے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں، اکثر اپنے دائیں ہاتھ پر نیل پڑنے کے نشانات کے ساتھ دکھائی دیے ہیں، جنہیں بعض اوقات میک اپ سے چھپایا جاتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ نشانات سپرین کے استعمال کی وجہ سے ہیں، جو وہ دل کی صحت برقرار رکھنے کے لیے ایک ’معمول‘ کے علاج کے طور پر لیتے ہیں۔
گزشتہ موسمِ گرما میں انتظامیہ نے بتایا تھا کہ ٹرمپ کے پیروں میں سوجن کی جانچ کی گئی تھی اور انہیں کرونک وینس ان ایفیشینسی  کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ ایک عام بیماری ہے جس میں رگوں کے خراب والو خون کو جمع ہونے دیتے ہیں، جس سے سوجن، کھنچاؤ اور جلد میں تبدیلیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
اس بیماری کا علاج ادویات یا مخصوص طبی طریقۂ کار کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: