شہباز شریف سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ
لاہور ....نیب نے آشیانہ ہاﺅسنگ سوسائٹی میں کرپشن کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ڈیڑھ گھنٹے تفتیش کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش پر نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاور الیاس کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مستحق ٹھیکیدارچوہدری لطیف کا ٹھیکہ منسوخ کرکے لاہور کاسا کو ٹھیکے سے نوازا، جس سے خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچا۔ آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دینے سے قومی خزانے کو 71 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ نیسپاک نے کنسلٹنسی کا تخمینہ 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے۔ دوران تفتیش نیب ٹیم نے شہباز شریف سے پنجاب لینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی سے متعلق سوالات پوچھے گئے اور ان سے تحریری معاہدوں کی تفصیلات طلب کیں، جس پر شہباز شریف نے تمام تحریری معاہدوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔