Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فوری طور پر دستیاب معدنیات کی برآمد‘، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو اہم معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور امریکہ کے درمیان معدنیات کے شعبوں میں دو اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔
پیر کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی۔ اس وفد میں یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹیجک میٹلز اور موٹا انجلز کے نمائندے شامل تھے۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا برائے تجارت اور پیٹرولیم بھی شریک تھے۔
امریکی وفد کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو سونے، کاپر سمیت دیگر معدنیات کے وسیع ذخائر کی موجودگی پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ’وفد نے پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اسی شعبے سے منسلک وسیع پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔‘
’پاکستان اور امریکہ کے درمیان معدنیات کے شعبوں میں دو اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے جو معدنیات کی تلاش اور پراسیسنگ کے شعبے میں تعاون پر مشتمل ہوں گے۔‘
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ملاقات میں ایف ڈبلیو او اور یونائیٹڈ سٹیٹس سٹریٹیجک میٹلز کے درمیان بھی معاہدہ ہوا ہے، جس کے تحت دفاع، ٹیکنالوجی اور ائیروسپیس سے جڑی معدنیات کی تلاش اور پراسیسنگ کی جائے گی۔‘
’پاکستان فوری طور پر امریکہ کو دستیاب معدنیات کی برآمد شروع کر دے گا۔ اور امریکہ کو کاپر، سونا، ٹنگسٹن اور رئیر ارتھ منرلز برآمد کرے گا۔‘

شیئر: