ریاض۔۔۔۔بحرین کی عدالت نے ایک مسجد میں خطبے کے دوران یزید بن معاویہ کے خلاف دشنام طرازی پر ایک مذہبی پیشوا کو 6ماہ قید کی سزا سنا دی۔فیصلے پر عملدرآمد روکنے کیلئے 100دینار زر ضمانت جمع کرانے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق دشنام طرازی کرنیوالا 35سالہ مذہبی پیشوا ہے۔ اس نے یزیدبن معاویہ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔ اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا تھا۔ ملزم کی وکیلِ دفاع نے عدالت کے سامنے اپنے موکل کی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یزید بن معاویہ اہل السنہ کے درمیان متنازعہ شخصیت ہیں لہذا اسکے موکل نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جسے جرم کہا جاسکے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں اس امر کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اہل السنہ کے فقہاء کی درست رائے یہ ہے کہ یزید بن معاویہ سمیت کسی بھی مسلمان پر لعن طعن نہ کیا جائے۔