ریاض میں سوڈان کے ثقافتی ایونٹ کا اختتام، ہزاروں وزیٹرز کا خیرمقدم
ثقافتی انیشیٹیو نے اب تک دو ملین وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اطلاعات کی جانب سے ’گلوبل ہارمنی ٹو‘ انیشیٹیو کے تحت ریاض کے السویدی پارک میں سوڈان کے ثقافتی ایونٹ کا اختتام ہوگیا، ہزاروں وزیٹرز کا خیرمقدم کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ کو ’جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی‘ اور ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ کا تعاون حاصل ہے۔
ایک فیسٹیول کے پس منظر میں یہاں آنے والے وزیٹرز نے سوڈانی ثقافت کو اجاگر کرنے والی سرگرمیوں کا تجربہ کیا جو ثقافتی ہم آہنگی اور بقائے باہمی کی اقدار کو مسجم کرتی ہیں۔
یہ ایونٹ عالمی ثقافتی سرگرمیوں کے ایک وسیع سلسلے کا حصہ ہے جس کا مقصد ثقافتی تبادلے میں اضافہ کرنا اور مملکت کی طرف سے ثقافتی تنوع کا خیرمقدم کرنا ہے۔

السویدی پارک میں ہونے والے ثقافتی ایونٹس میں روایتی اور میوزیکل پرفارمنس کے متنوع پروگرام پیش کیے گئے۔
سوڈانی ثقافتی گروپوں نے لوک رقص، روایتی دھنوں اور منفرد روایتی ملبوسات کے ذریعے سوڈان کی علاقائی ثقافتوں اور رنگا رنگی کو پیش کیا۔

اس میں سوڈانی فنکاروں کی پرفارمنس شامل تھی جنہوں نے جدید اور مقبول لوک گیتوں کا انتخاب پیش کیا۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے ایک تھیٹر کے ذریعے خصوصی ایونٹ منعقد کیے گئے جن میں پپٹ شو، سرکس پرفارمنس اور ثقافتی چیلنجز شامل تھے۔

ہم آہنگی انیشیٹیو کے تحت 14 ممالک کی ثقافت پیش کی گئی، ان کے رسوم و رواج، روایات، موسیقی اور انہیں فراہم کی جانے والی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
اس ثقافتی انیشیٹیو نے آغاز سے اب تک دو ملین سے زیادہ وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

حکام کو امید ہے اس طرح کے ایونٹس سے سعودی عرب میں رہنے والوں کی زندگی پر روشنی پڑے گی۔
ان کی سماجی اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مملکت کی معیشت میں ان کی کاوشوں اور ان کی کامیابی کی کہانیوں کو دھوم دھام سے منایا جائے گا۔
