جدہ میں بحیرہ احمر کی صفائی کےلیے مہم کا آغاز
مکہ مکرمہ گورنریٹ اس مہم کو منظم اور سپورٹ کر رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں بحیرہ احمر کے سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کےلیے ’ہمارا سمندر، ہماری ذمہ داری‘ کے سلوگن کے تحت بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ گورنریٹ اس مہم کو منظم اور سپورٹ کر رہا ہے۔
انیشیٹیو میں سعودی ریڈ سی اتھارٹی، بارڈر گارڈ، جدہ میونسپلٹی، سعودی واٹر سپورٹس اینڈ ڈائیونگ فیڈریشن، نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف، اور بحیرہ احمر میں مرجان کی چٹانوں اور کچھووں کے تحفظ کے لیے جنرل آرگنائزیشن شامل ہیں۔
اس مہم میں سمندر کی تہ میں موجود ملبے کو ہٹانے پر توجہ مرکوز ہے جو مرجان کی چٹانوں اورسمندری حیاتیاتی تنوع کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
غوطہ غوری کی خصوصی ٹیمیں پانی کے اندر سروے اور بازیابی کی کارروائیاں کررہی ہیں جس کے بعد فضلے کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جاتا ہے۔

مہم میں شریک اداروں نے 500 کلو گرام سے زیادہ فضلہ اورعام آلودگی کو ہٹایا جس میں چار ہزار میٹر سے زیادہ سے زیادہ چھوڑی گئی فشنگ لائنز شامل ہیں۔
اس مہم کا مقصد سمندری ماحول کے معیار کو بہتر بنانا اور سمندری حیات کا تحفظ کرنا ہے۔

یاد رہے سعودی عرب میں بحیرہ احمر کا ساحلی علاقہ سمندری ماحولیاتی نظام کے ساتھ ماہی گیری اور سیاحت کی بڑھتی ہوئی صنعت کو فروغ دے رہا ہے۔
مملکت میں اس قدرتی ورثے کے تحفظ اور وسعت کے لیے وسیع تر اقدامات کئے جا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی نظام کی حفاظت قومی ترجیح بن گئی ہے۔
