Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارے پاس گنوانے کیلئے کچھ نہیں تھا، سرفراز احمد

 
آکلینڈ:پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہمارے پاس گنوانے کے لئے کچھ نہیں تھا جبکہ ابتدائی اوورز میں وکٹیں بچا کر رکھنے کی حکمت عملی بھی کارگر ثابت ہوئی۔ ادھر کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ اس میچ کے ہر شعبے میں ہمیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور آج کا دن ہمارا نہیں تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد سرفراز نے مزید کہا کہ طویل وقفے کے بعد اس فتح پر مجھ سمیت پوری ٹیم بہت خوش ہے اور اب ہماری سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ایک سوال پر پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپنرز نے اچھے آغازسے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی جس کے لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔وکٹ بھی پہلے میچ کی وکٹ سے کافی بہتر تھی، بیٹسمینوں نے محتاط انداز میں اننگز شروع کرکے جلد ہی اپنی پسندیدہ شاٹس کھیلنا شروع کردیں اور اچھی بات یہ ہوئی کہ وکٹ بچانے میں بھی کامیاب رہے، اگر چہ دونوں اوپنر مختصر وقفے سے آوٹ ہو گئے لیکن اس وقت تک وہ اچھی بنیاد فراہم کرچکے تھے۔اچھی بیٹنگ کے بعد بولرز اور فیلڈرز نے اپنا کردار بخوبی ادا کیا ۔انہوں نے نسبتاً چھوٹے گراونڈ پر میزبان بیٹسمینوں کے لیے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ آخری اوورز میں بولنگ ہمیشہ مشکل ہوتی ہے تاہم بولرز نے پوری ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور کیوی بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ کیوی کپتان نے اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے انہیں کھیل کے ہر شعبے میں آوٹ کلاس کردیا، میچ میں شکست کے بعد اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ میں ہر ٹیم پر اضافی دباوہوتا ہے لیکن پاکستانی ٹیم نے اس کا عمدگی سے مقابلہ کیا اور ہمیں پسپائی پر مجبور کردیا۔ بیٹسمینوں کے بعد پاکستانی بولرز نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک ایسے ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے جو ان چھوٹے گراونڈز پر آسان نہیں تھا۔ کین ولیمسن نے کہا کہ اگر ہماری وکٹیں محفوظ رہتیں تو میچ جیتنا مشکل نہیں تھا ۔
 

شیئر: