Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سرمایہ کار مملکت میں اپنے وطن کی برآمدات بڑھائیں

 سرمایہ کاری کیلئے پاکستان مثالی ملک ہے، پاکستان کی سالانہ ترقی کا ہدف 5فیصد تک پہنچ گیا ہے،خان ہشام بن صدیق
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو چاہئے کہ اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ کرنے کی سعی بھی کریں۔ وہ پاکستان انویسٹرز فورم ریاض کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹربلال احمد، کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین، کمرشل اتاشیز عبدالشکور شیخ اور محمود لطیف اور پاکستان کلچر گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر ریاض خواجہ ستارہ امتیاز کے علاوہ پاکستانی عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی موجودتھی۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ اس وقت مملکت کو ملک کی برآمدات کا حجم 35سے 40کروڑ ڈالر سالانہ ہے تاہم اگر ایک سو کے قریب سرمایہ کار اور تاجر حاضرین اپنے طور پر ایک ملین ڈالر کا اضافہ بھی کرسکیں تو دو طرفہ تجارتی حجم 50کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ پاکستان کی سالانہ ترقی کا ہدف 5فیصد تک پہنچ گیا ہے تاہم امید ہے کہ جلد 9فیصد تک کا ہدف حاصل کرلیا جائیگا۔ انہوں نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک نے پاکستانی اقتصاد میں بہتری کی پیشگوئی کی تھی۔ خام ہشام بن صدیق نے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے ایک مثالی ملک قرار دیا اور کہا کہ خصوصاً توانائی کے شعبے میں 20فیصد ترقی کے امکانات تھے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے پاک سعودی مشترکہ تجارتی کمیشن کے اجلاس پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ 4 برس بعد ہونے والے اس اجتماع میں34رکنی سعودی وفد نے شرکت کی تھی اور دوطرفہ تجارت کو مضبوط کرنے کیلئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر ایک خصوصی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جسے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے تجاویز دیدی گئی ہیں۔ اس کے اگلے ماہ کے اجلاس میں مزید پیشرفت ہوگی۔ خان ہشام بن صدیق نے کہا کہ سی پیک اور سعودی وژن 2030 میں اشتراک کے امکانات پر بھی بات چیت کو آگے بڑھایا جائیگا۔ قبل ازیں پاک سعودی مشترکہ سرمایہ کاری کمیشن کے نائب صدر امجد پرویز صدیقی نے پاکستان میںسرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ نومنتخب عہدیداروں سے سفیر پاکستان نے حلف وفاداری لی اور سابق عہدیداروں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ نومنتخب صدر محمد خالد راجا نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انجینیئر غلام صفدر نے نظامت کی۔

شیئر: