Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چٹاگانگ ٹیسٹ:بنگلہ دیش513پر آوٹ،سری لنکا کے 187/1رنز

چٹاگانگ:بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن مہمان سری لنکن ٹیم نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر187رنز بنا لئے جبکہ میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں513رنز بنا کر آوٹ ہو ئی تھی،کپتان محمود اللہ83رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے،سورنگا لکمل اور رنگانا ہیرتھ نے3-3،لکشمن سنداکن نے2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔سری لنکا کی پہلی وکٹ بغیر کسی اسکور کے گرنے کے بعد دھننجایا ڈی سلوا104اور اوپنر کوشل مینڈس83رنز پر کھیل رہے تھے ، ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان187رنز کی شراکت بھی جاری ہے۔ بنگلہ دیش نے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی توپہلے دن175رنز پر ناقابل شکست رہنے والے مومن الحق اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے رنگانا ہیرتھ کا شکار بن گئے۔ان کے ساتھ 9رنز پر کھیلنے کے لئے آنے والے کپتان محمود اللہ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن دوسری جانب کوئی اور بیٹسمین وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب نہیں ہوا جس پر انہوں نے اسٹرائیک اپنے پاس رکھنا شروع کی اور سری لنکا کا اسکور 500سے اوپر لیجانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہدی حسن اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سنزامل اسلام نے20اور24رنز بنا کر کچھ دیر ان کا ساتھ دینے کی کوشش کی ۔محمود اللہ کو سنچری مکمل کا موقع نہیں مل سکا ، وہ134گیندوں پر2چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے 83رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو دیموتھ کرونا رتنے 9 گیندیں کھیلنے کے باوجود بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے تو اسکور بورڈ پر بھی کوئی رن موجود نہیں تھا ۔ کوشل مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے اس دھچکے سے سنبھلتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کی اور دوسرے دن بنگلہ دیشی بولرز کو مزید کوئی وکٹ لینے کا موقع نہیں دیا۔دھننجایا نے اپنی نصف سنچری65جبکہ مینڈس نے91گیندوں پر مکمل کی۔دھننجایا کیریئر کی چوتھی اور مسلسل دوسری سنچری بنانے میں بھی کامیاب ہو گئے جس کیلئے انہوں نے122گیندوں کا سامنا کیا اور15چوکے لگائے۔ کوشل مینڈس بھی سنچری کے قریب ہیں لیکن اس کی تکمیل کیلئے انہیں پھر کوشش کرنا ہوگی۔سری لنکا کا اسکور 187رنز تک پہنچا تو دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان ہوگیا۔بنگلہ دیشی کپتان نے 5بولرز کو استعمال کیا لیکن سری لنکن شراکت کو نہ توڑ پائے۔سری لنکا کو بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے ابھی مزید 326رنز کی ضرورت ہے۔

شیئر: