Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”ایک دن مسجد الحرام میں“دستاویزی فلم کی برطانوی لارڈز کونسل میں نمائش

لندن .... برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں”ایک دن مسجد الحرام میں“کے زیر عنوان دستاویزی فلم کی نمائش نے برطانیہ کے عمائدین کوخوشی سے سرشار کردیا۔ یہ دستاویزی فلم برطانوی لارڈز کونسل کے ہال میں دکھائی گئی۔ مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مذکورہ فلم تیار کرائی تھی ۔ اس میں سعودی حکومت کی جانب سے حرمین شریفین کی نگہداشت خصوصاً حرم مکی کیلئے سعودی خدمات کا تعارف کرایا گیا ہے۔ آب زمزم کے کنویں اور آب زمزم کی فراہمی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے فرزندان اسلام حج ، عمرہ، نماز ، تلاوت ، عبادت اور دینی آگہی کس طرح سے اور کس ماحول میں حاصل کررہے ہیں۔فلم کے بعدایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا عبدالالہ الاحمری نے فلم کی تیاری سے متعلق تفصیلات سنائیں۔ انہوں نے فلم کی تیاری میں پیش آنے والے چیلنجوں اور دشواریوں سے بھی حاضرین کو مطلع کیا۔ حجاج، معتمرین اور زائرین کے تاثرات بھی پیش کئے گئے۔ ہر ایک نے اپنی زبان میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ برطانوی حجاج و معتمرین کو بھی دستاویزی فلم میں شامل کیا گیا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین نے فلمسازوں سے مختلف سوالات بھی کئے۔ سعودی سفارتکار برطانوی حج کمیٹی کے عہدیدار ، برطانیہ میں اسلامی انجمنوں کے ذمہ داران، برطانوی ارکان پارلیمنٹ تقریب میں شریک ہوئے۔

شیئر: