افطار پیکٹس کی تیاری میں سعودی خواتین رضاکاروں کا ’اہم کردار‘
تبوک ریجن میں رمضان المبارک کے دوران رضاکارانہ سرگرمیوں میں خواتین رضاکار بھی پیش پیش ہوتی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق راہگیروں اور مسافروں کے لیے افطار پیکٹس کی تیاری مختلف مراحل پر مشتمل ہوتی ہے جس میں خواتین رضاکاروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
تیاری کے مراحل کا آغاز منصوبہ بندی سے ہوتا ہے جو کچن میں افطار کی تیاری کے مرحلے سے شروع ہوتا ہے۔
اس کے بعد تیار ہونے والی افطاری کے مختلف پیکٹس بنائے جاتے ہیں اور آخری مرحلہ ان کی تقسیم کا ہوتا ہے۔
تبوک ریجن میں ایک رضاکار تنظیم کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے روزہ داروں کو افطار کرنے کے پروگرام میں خواتین رضاکاروں کی شرکت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو معاشرے کا انتہائی روشن پہلو ہے۔

خواتین رضاکار مقررہ شیڈول کے مطابق تمام امور انجام دیتی ہیں۔ ہر ایک اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کرتی ہے، جس کے باعث یہ فلاحی کام بہترین طریقے سے انجام پاتا ہے۔ یہ غیرمنافع بخش شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک نمایاں مثال بھی ہے۔
