ریاض....نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ خلیجی ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دفاعی اور عسکری جدوجہد تیز کرنا ہوگی۔ وہ منگل کو ریاض میں جی سی سی ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس میں کہا کہ فوجی اور دفاعی میدان انتہائی اہم ہے۔ خطے کے ممالک کوچیلنج درپیش ہیں۔ انکا تقاضا ہے کہ ہم اپنے کام انتہائی تیزی سے آگے بڑھائیں ۔ تال میل پیدا کریں۔ ماضی کے حالات سے سبق لیں اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ماضی میں پیش آنےوالے واقعات کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اجلاس کے ایجنڈے پر موجود تمام موضوعات پر اچھی طرح سے ہمیں بحث کرنی ہے اور مستقبل کے افق کی خاطر نئے افکار کو واضح شکل دینی ہے۔ ہمیں امریکہ کےساتھ عسکری اور سلامتی اسٹراٹیجک شراکت کے استحکام پر مشتمل کیمپ ڈیوڈ اجلاس کے نتائج پر بھی مباحثہ کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خلیجی ممالک میں استحکام رہے۔ اجلاس میں امارات کے وزیر مملکت برائے امور دفاع محمد البواردی، بحرین کے وزیر امور دفاع یوسف الجلاھمہ، سلطنت عمان میں امور دفاع کے وزیر بدر البوسعیدی، وزیر مملکت برائے امور دفاع ڈاکٹر خالد العطیہ، کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شیخ خالد الصباح اجلاس میں شریک ہوئے۔