Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تحفظ جنگلی حیات پروگرام‘: سعودی رائل ریزرو میں 61 اقسام کے جانوروں کی منتقلی

سعودی عرب کی امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کے تعاون سے فروغ جنگلی حیات پروگرام کے تحت 61 اقسام کے جانوروں کو کنگ خالد رائل ریزرو میں چھوڑا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تحفظ جنگلی حیات پروگرام کے تحت معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں اور پرندوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی افزائش نسل میں اضافہ ہوسکے۔
تحفظ جنگلی حیات کے قومی مرکز کے سی ای او ڈاکٹر محمد علی قربان نے بتایا کہ جن جانوروں کو کنگ خالد ریزرو میں چھوڑا گیا، ان میں سے بیشتر معدومیت کے خطرے سے دوچار تھے۔‘
ریزرو میں ان جانوروں کے لیے ایسا قدرتی ماحول فراہم کیا گیا ہے جو ان کی افزائش نسل میں معاون ثابت ہو گا۔

ڈاکٹر قربان کا مزید کہنا تھا کہ ’تحفظ جنگلی حیات پروگرام کو دیگر اداروں کا تعاون حاصل ہے جس کے لیے محفوظ علاقوں میں جامع اور موثر انتظامی منصوبوں پر مقررہ اہداف کے تحت عمل کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پروگرام کی کامیابی کے لیے مقررہ عالمی معیار کے تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات کی ٹیمیں معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات پر تحقیقی کام بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایسے جانور یا پرندے جنہیں ماحولیاتی یا دیگر چیلنجز کی وجہ سے خطرات لاحق ہوتے ہیں ان کے بارے میں تفصیلی رپورٹ متعلقہ ادارے کو ارسال کی جاتی ہے۔‘
علاوہ ازیں ریزرو اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر طلال الحریقی کا کہنا تھا کہ ’جن جانوروں کو کنگ خالد رائل ریزرو میں چھوڑا گیا ہے انہیں وہاں محفوظ فطری ماحول فراہم کیا گیا ہے۔‘

 

شیئر: