Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈھاکا ٹیسٹ:سری لنکا222 پر آوٹ، بنگالی ٹائیگرز 56/4رنز بناسکے

ڈھاکا:بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بولرز کے نام رہا اور بنگلہ دیشی بولرز نے سری لنکن کو 222رنز پر آوٹ کیا تو سری لنکن بولرز نے بھی 56رنز پر بنگلہ دیش کے 4کھلاڑی آوٹ کردئےے ۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تولٹن داس24اور نائٹ واچ مین مہدی حسن5 رنز پرکھیل رہے تھے ۔بنگلہ دیش کوابھی مزید166رنز کی ضرورت ہے۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا ۔ اوپنرز کوشل مینڈس اور دیموتھ کرونا رتنے نے اننگز کا آغاز کیا ، 4سال بعد ٹیسٹ کھیلنے والے عبدالرزاق نے 14 رنز پرپہلی شراکت کا خاتمہ کردیا ۔ کوشل مینڈس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا،دوسری جانب بیٹسمین عبد الرزاق اور تیج الاسلام کی بولنگ کا شکار ہو تے رہے۔اس وکٹ پر بنگلہ دیشی اسپنرز نے سری لنکن بیٹسمینوں کو کھل کرنہ کھیلنے دیا ۔109 پر جب کوشل مینڈس بھی 68کے انفرادی اسکور پر بولڈ ہوئے تو سری لنکن بیٹنگ لائن سخت بحران سے دوچار نظر آئی ۔ مشکل صورتحال میں روشن سلوا اور دلرووان پریرا نے52رنز کا اضافہ کیا۔پریرا نے 31رنز بنائے۔ان کے بعدپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اکیلا دھننجایا نے20رنز بنا کر روشن سلوا کاساتھ دیا اور 43رنز کی شراکت قائم کی ۔ روشن سلوا 52رنزبناکر تیج الاسلام کا شکار بنے۔سری لنکن اننگز 222رنز پر سمٹ گئی۔ عبدالرزاق نے اور تیج الاسلام نے 4،4وکٹیں لیں۔ مستفیض الرحمان نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں تمیم اقبال4 رنزپر سورنگا لکمل کی گیند پر انہی کے ہاتھوںکیچ ہو گئے۔اگلے ہی اوور میں مومن الحق کو صفر پر دھننجایا نے رن آوٹ کردیا ۔سابق کپتان مشفق الرحیم کھیلنے آئے توانہیں لکمل نے ایک رن پر بولڈ کردیا ۔12رنز پر 3وکٹیں گریں تو بنگلہ دیش کو شام سے پہلے ہی تارے نظر آنے لگے تاہم اوپنر امراﺅالقیس اور لٹن داس نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی اور قدرے بہتر 33رنز کی شراکت قائم کی۔ امراﺅالقیس 19 کے اسکور پرایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ ان کی وکٹ پریرا نے لی۔ مہدی حسن نائٹ واچ کے طور پر آئے اور پہلے دن کے اختتام تک 5رنز بناکر وکٹ پر کھڑے رہے،لٹن داس24رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔ 

شیئر: