Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مردہ بطخ آسمان سے سر پر آگری، شکاری بے ہوش

ایسٹن ، میری لینڈ .... شکار کی دنیاسے دلچسپی رکھنے والے افراد یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کبھی کبھار شکار کے دوران ایسا بھی ہوتا ہے کہ بیک وقت ایک ہی ہدف کو 2شکاری نشانہ بناتے ہیں اور گولی چلا دیتے ہیں۔ شاید ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک دوسرے شکاری کی چلائی ہوئی گولی بڑے سائز کی ایک بطخ کو لگی اور وہ مردہ حالت میں زمین پر آرہی۔ حیرت اس بات پر ہے کہ مردہ بطخ نے گرتے وقت زمین کے بجائے دوسرے شکاری کے سر پر گرنا پسند کیا اور اس کے گرنے کا بوجھ اتنا زور دار تھا کہ یہ شکاری جس کی عمر 51سال بتائی جاتی ہے بے ہو ش ہوکر زمین پر گرپڑا۔ زمین پر گرنے سے رابرٹ نیل ہیمر نامی شخص کے دو دانت بھی ٹوٹ گئے جسے بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسکی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے 3دیگر ساتھیوں کے ساتھ اس علاقے میں شکار کیلئے آیا تھا جسے بطخوں اور مرغابیوں کی کثیر تعداد کی وجہ سے شکاریوں کی نظر میں بہت پسندیدہ علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہناہے کہ بے ہوش ہوکر گرنے والے شکاری کی چوٹ بہت زیادہ ہے تاہم ڈاکٹر اسے جلد ازجلد صحت یاب کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہناہے کہ چند روز اسپتال میں رہنے کے بعد اسے بالٹی مور کے ٹراما سینٹر میں بھی بھیجا جائیگا تاکہ تفصیلی رپورٹ معلوم ہوسکے اور یہ جانا جاسکے کہ اسے اور کتنے ٹیسٹ یا علاج کی ضرورت پیش آئیگی۔ ایسے واقعات کم ہی ہوتے ہیں مگر شکار کی دنیا اور شکار کی کہانیاں ایسے واقعات سے بھری ہوئی ہیں۔
 

شیئر: