آئی سی سی کو ایشزمیں ہندوستانی سٹے بازوں کا کوئی ثبوت نہیں ملا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ایشزسیریز میں ہندوستانی سٹے بازوں کی میچ فکسنگ کا حیرت انگیز طور پرکوئی ثبوت ہی نہیں مل سکا۔ آئی سی سی نے بتایا ہے کہ ایشز سیریز کے دوران اسٹنگ آپریشن ہوا تھاجس میں ہندوستانی سٹے بازوں کو ملوث بتایا گیا تھا تاہم تحقیقات کے نتیجے میں کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔آئی سی سی کے جنرل منیجر اینٹی کرپشن ایلکس مارشل کے مطابق کسی کھلاڑی، کوچ یا ایڈمنسٹریٹر کے خلاف بھی کسی قسم کی بدعنوانی کے شواہد نہیں ملے ۔ایک برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ 2 ہندوستانی سٹے بازوں نے بھاری رقم کے عوض پرتھ ٹیسٹ کے دوران مختلف سیشنز کے حوالے سے اسپاسٹ فکسنگ کی پیشکش کی ہے۔اس حوالے سے رپورٹ میںہندوستانی سٹے باز نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم میں بھی ان کا فکسر موجود ہے جسے ’سائلینٹ مین “ کا نام دیا گیا تھاجبکہ سٹے بازوںنے یہ بھی کہا تھا کہ وہ بگ بیش اور آئی پی ایل میں بھی فکسنگ کرسکتے ہیں۔الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والے شواہد کے پیش نظر ہم مطمئن ہیں کہ مذکورہ میچ میں کوئی غلط کام نہیں ہوااور نہ ہی کوئی انٹرنیشنل کرکٹر فکسرز کے ساتھ رابطے میں تھے ۔

شیئر: