یہ میرے فٹبال کیریئر کا غالباً آخری سال ہوگا: کرسٹیانو رونالڈو
پرتگال کے 41 سالہ سپر سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ رواں سال غالباً ان کے پیشہ ورانہ فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوگا۔
اے ایف پی کے مطابق رونالڈو نے اتوار کو شائع ہونے والے ووگ میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ فٹبال کو ایک شاندار ورثے کے ساتھ الوداع کہنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کلب اور ملک کی جانب سے 950 سے زیادہ گولز کر کے فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں۔ وہ اس سے پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ ’جلد‘ یا آئندہ ایک، دو سال میں ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔
رونالڈو نے کہا کہ ’یہ غالباً فٹبال میں میرا آخری سال ہے اور میں ایک شاندار ورثہ چھوڑنا چاہتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ فٹبال کے بعد کی زندگی کے لیے ان کا مستقبل پہلے ہی طے ہے، تاہم ان کے پاس مصروف رہنے کے لیے اتنے منصوبے ہیں کہ صرف ایک کا نام لینا مشکل ہے۔
ان کی پسندیدہ سرگرمیوں میں سفر اور پیڈل ٹینس بھی شامل ہیں۔
رونالڈو کا کہنا تھا کہ فٹبال ختم ہونے کے بعد زندگی میں ایک بڑا خلا پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے وقت کو صرف ایک نہیں بلکہ مختلف سرگرمیوں سے بھرنا ہوگا۔
سابق مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور یووینٹس کے سٹار نے رواں ہفتے پرتگال کے شہر کاسکائس میں اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے ایک نجی تقریب میں شادی بھی کی۔
رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنی اور اپنی فیملی کی 25 سالہ قربانیوں کے بعد حاصل کی گئی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔
رواں موسم گرما میں پرتگال کو اپنے آخری ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل تک پہنچانے کے بعد رونالڈو اب اپنے کلب النصر کے ساتھ نئی سعودی پرو لیگ سیزن کی تیاری کریں گے۔
