چیمپیئنز لیگ:رئیل میڈرڈ نے پیرس سینٹ جرمین کو1-3سے شکست دیدی
جمعرات 15 فروری 2018 3:00
میڈرڈ :دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ اور کرسٹیانو رونالڈو چیمپیئنز لیگ کے حوالے سے ایک بڑے امتحان میں سرخرو رہے جب رئیل میڈرڈ نے ہوم گراونڈ پر ہونے والے میچ میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کو ایک کے مقابلے میں3گول سے شکست دے دی۔ کرسٹیانو رونالڈو 2گول کرنے میں کامیاب رہے ۔ دوسری جانب لیگ کے آخری مرحلے کے چوتھے میچ میں انگلش کلب لیور پول نے سینیگالی کھلاڑی سعدیو مانے کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پرتگالی کلب پورٹو کو اس کے ہوم گراونڈ پر0-5سے روندتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ رئیل میڈرڈ اور پی ایس جی کا دراصل کرسٹیانو رونالڈو اور فرانسیسی کلب کے برازیلی اسٹار نیمار جونیئر کے درمیان مقابلہ تصور کیا جا رہا تھا تاہم نیمار پہلے مرحلے کے اس میچ میں جادو نہ جگا سکے ۔ اگرچہ پی ایس جی نے ایڈرین ریبیوٹ کے گول کی مدد سے 33ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی تھی تاہم رونالڈو نے پہلا ہاف ختم ہو نے سے قبل میچ برابر کردیا۔مہمان ٹیم کے گیووانی لوسیلو نے رئیل میڈرڈ کے ٹونی کروس کے خلاف باکس میں فاول کیا جس پر ریفری نے رئیل میڈرڈ کو پنالٹی دے دی اور رونالڈو نے اسے گول میں تبدیل کرکے مقابلہ1-1 کردیا۔ دوسرے ہاف میں رونالڈو اور مارسیلو نے 4منٹ میں مزید2گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی ۔ نیمار جونیئر سمیت کو ئی مہمان کھلاڑی رئیل میڈرڈ کےلئے خطرہ نہیں بن سکا ۔ پیرس میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے میچ میں ہسپانوی کلب زیادہ اعتماد سے اترے گا جبکہ پی ایس جی کےلئے اس میچ میں اتنے بڑے مارجن سے فتح ضروری ہوگی تاکہ وہ مجموعی طور پر زیادہ اسکور کے ذریعے کوارٹر فائنل میں پہنچ سکے۔دوسرے میچ میں جو پرتگال کے شہر پورٹو میںکھیلا گیا میزبان ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور لیور پول کے سعدیومانے کی طرف سے 25ویں منٹ میں پہلے گول کے بعد مصری کھلاڑی محمد صلاح نے 4منٹ بعد دوسرا گول کرکے برتری دگنی کردی۔دوسرے ہاف میں سعدیو نے مزید2گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ روبرٹو فرمینو نے گول کرتے ہوئے اسکور5تک پہنچادیا۔ پورٹو کے کھلاڑی لیور پول کا دفاع توڑنے میں ناکام رہے اور بڑی شکست سے دوچار ہو گئے ۔سینیگالی کھلاڑی سعدیو مانے میچ کے ہیرو رہے جنہیں لیور پول میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو گیا۔دوسرے مرحلے کا میچ لیور پول کےلئے رسمی کارروائی ہو سکتا ہے کیونکہ پورٹو کےلئے اتنی برتری حاصل کرنا ممکن نہیں کہ وہ انگلش کلب کو آگے بڑھنے سے روک سکے۔