Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

#سیریا_ازا_بلیڈنگ

شام کے شہر الغوطہ میں پچھلے 7 روز سے شامی افواج کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مرنے والے عام شہریوں کی تعداد5 سو سے زائد ہوگئی ہے جس میں ڈیڑھ سو سے زائد بچے شامل ہیں۔ معصوم شہریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف دنیا بھر سے آواز بلند کی جارہی ہیں اور #سیریا_ازا_بلیڈنگ عالمی ٹرینڈ کی شکل اختیار کر چکا ہے جس میں نہ صرف مسلمان بلکہ غیر مسلم افراد بھی اپنی ٹویٹس کے ذریعے شام کے معصوم شہریوں سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں۔
مشہور و معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے ایک شامی بچی کی خون آلود تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی بے حسی ہے۔ 
ہندوستانی اداکارہ ایشا گپتا کا اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ مجھے اس بات سے غرض نہیں کہ میں کس ملک یا مذہب سے تعلق رکھتی ہوں ، شام میں انسانیت دم توڑ رہی ہے ، معصوم بچے مررہے ہیں ،اس ظلم کو اب ختم ہونا چاہیے۔ 
موسیقار ہارون شاہد کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ شام میں جاری نسل کشی کی کچھ دردناک تصویریں میری نظروں سے گزری ہیں، میں شام کے عوام کے درد اور تکلیف کا تصور بھی نہیں کر سکتا ،میں شام میں امن کے لئے دعا گو ہوں۔ 
مشہور پاکستانی صحافی آفتاب اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں عمران خان کے نکاح سے لے کرہندوستانی اداکارہ کے ناشتے کی خبر ایک بریکنگ نیوز ہو لیکن شام میں شہید ہونے والے 4 سو مسلمانوں کی خبر اہمیت نہ رکھتی ہو وہاں صرف حکومت ہی نہیں صحافت بھی بکاؤ اور کرپٹ ہے۔
ہندوستانی اداکار اعجاز خان نے ٹرینڈ میں حصہ لیتے ہوئے دو شامی بچیوں کی تصویریں پوسٹ کیں اور کہا کہ شام میں روزانہ سیکڑوں بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے تاہم میڈیا اس کے خلاف کوئی آواز بلند نہیں کر رہا۔ 
پاکستانی اداکارہ ماورا نے بھی شام کی ایک بچی کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ہم ایسے خوبصورت پھولوں کو روزانہ بے دردی سے قتل کر رہے ہیں۔ یہ دنیا شام کے بچوں کو محفوظ بنانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ 
سیاسی کارکن مہوش قمر نے ٹویٹ کیا کہ ہالی وڈ ان معصوم بچوں کی کہانی پر کوئی فلم کیوں نہیں بناتا۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں