سعودی ایئر لائن (السعودیہ) کی جانب سے رواں سال حجاج کرام کے لیے ’ٹھنڈے احرام‘ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ خواتین اور مرد حجاج کے لیے تیار کیے جانے والے احرام گرمی کو ایک سے 2 ڈگری تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ایئرلائن کے مارکیٹنگ مینیجر عصام اخونبائی کا کہنا تھا کہ کولڈ احرام کومخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جسم کو ٹھنڈا رکھا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ احرام کی تیاری میں امریکی کمپنی کا تعاون بھی حاصل رہا، احرام کو دبئی کی عربین ٹریول مارکیٹ ’اے ٹی ایم 2025‘ میں پیش کیا جائے گا۔
ٹھنڈے احرام کے حوالے سے اخونبائی کا مزید کہنا تھا کہ کپڑے کی تیاری میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسانی جلد کو گرمی کی تپش سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ گرمی کی تپش کو ایک سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا سکتا ہے جس سے احرام پہنے والے کو گرمی کی شدت کا احساس کم ہوجاتا ہے۔
سعودی ایئرلائن اپنے مہمانوں کے لیے ٹھنڈے احرام جون 2025 کے آغاز سے فراہم کرے گی تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات جلد پیش کی جائیں گی۔