انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے کے بعد انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی شوبز شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جمعرات کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستان کے معروف اداکار فواد خوان ٹاپ ٹرینڈ کا حصہ بنے رہے۔
پہلگام حملے کے بعد جہاں انڈیا کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور واہگہ اٹاری بارڈر بند کرنے سمیت کئی دیگر سخت فیصلوں کا اعلان کیا وہیں سوشل میڈیا پر پاکستانی اداکاروں اور ان کی فلموں کا انڈیا میں بائیکاٹ کا ٹرینڈ زور پکڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
بادشاہ اور ہانیہ عامر کی ڈیٹنگ کی افواہوں میں کتنی صداقت ہے؟Node ID: 882011
-
فواد خان کی بالی وُڈ میں واپسی، انتہا پسند ہندوؤں کو تشویشNode ID: 888146
اس بائیکاٹ ٹرینڈ کی زد میں آنے والے پاکستانی اداکار فواد خان سرفہرست نظر آئے جنہوں نے حال ہی میں انڈین اداکارہ وانی کپور کے ساتھ فلم ’ابیر گلال‘ میں کام کیا ہے اور اس فلم کی 9 مئی کو انڈیا میں ریلیز متوقع ہے۔
انڈین سوشل میڈیا صارفین ایکس پر متعدد پوسٹس میں فلم ’ابیر گلال‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
پولیٹکل ویوز نامی اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں کہا ’انڈیا میں موجود پاکستانیوں کا 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم ابیر گلال 9 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے، اس فلم پر انڈیا میں پابندی لگنی چاہیے چاہے فلم سازوں کو اس سے نقصان ہی کیوں نہ ہو۔‘
اس سے قبل فواد خان نے پہلگام حملے کے بعد اپنی انسٹاگرام سٹوری پر افسوس کا اظہار بھی کیا تھا۔
ایک ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں فواد خان کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ’فواد خان بیچارہ، ابھی تو بالی وڈ میں ان کی واپسی ہونی تھی۔‘
مونا فاروق نے لکھا ’جب بھی فواد خان کسی بالی وڈ فلم میں آتے ہیں پورے برصغیر میں آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ اس شخص کی فلم سازی میں اصل فلموں سے زیادہ جغفرافیائی اور سیاسی ٹوئسٹ ہیں۔‘
حسنین عالم نے لکھا ’انڈینز کی ذہنیت کا اندازہ کریں، دہشتگردی انڈیا میں ہوئی اور پاکستان کے اداکار پر الزام عائد کیے جا رہے ہیں اور انہیں دھمکایا جا رہا ہے۔ فواد خان اداکار ہیں دہشت گرد نہیں۔‘
دوسری جانب اس تمام صورتحال کے دوران پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کا بھی سوشل میڈیا پر تذکرہ ہے اور متعدد انڈین صارفین پوسٹ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ہانیہ عامر کو ان فالو کر دیا ہے۔
آلٹ نامی اکاؤنٹ نے لکھا ’ہانیہ عامر کو ان فالو کر دیا ہے‘، کسی نے جب وجہ پوچھی تو جواب میں لکھا گیا کہ ’پاکستانیوں کو جواب دینے کے لیے۔‘
ایکس پر ہانیہ عامر کے بائیکاٹ کی پوسٹس دیکھیں جائیں تو ان میں انڈین صارفین کی جانب سے ایک انڈین سکن کیئر برانڈ کا ذکر ہے اور کہا یہ جا رہا ہے کہ اس برینڈ نے ہانیہ عامر سے پبلسٹی کروائی۔
ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چھ دن قبل ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ متعلقہ ’انڈین برینڈ‘ کا ایک سن سکرین استعمال کر رہی ہیں۔
تاہم حالیہ واقعے کے پیش نظر انڈین ٹوئٹر صارفین ہانیہ عامر کو ان فالو کر رہے ہیں اور اس ’انڈین برینڈ‘ کے بائیکاٹ کی پوسٹس بھی کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے ہانیہ عامر کی ہی ویڈیو کے نیچے کمنٹ کیا کہ ’پاکستانی اداکاروں کو ان فالو کریں۔‘
واضح رہے ہانیہ عامر اور دیگر اداکار انڈیا میں کافی مقبول ہیں اور اس کی وجہ پاکستانی ڈرامے اور گانے ہیں۔
اس سے قبل بھی ہانیہ عامر انڈین گلوکار بادشاہ اور دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ملاقات پر خبروں کی زینت بنی تھیں۔