Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان فٹبال فیڈریشن بحال کرنے کا حکم

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سید فیصل صالح حیات کی صدارت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کو بحال کر دیا، عبوری ذمہ داریاں سنبھالنے والے ایڈمنسٹریٹر کو چارج فوری طور فیصل صالح حیات کے سپرد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت کی طرف سے فیصلے میں پی ایف ایف کے الیکشن میں فیصل صالح کے انتخاب کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو کسی بھی قسم کی مداخلت سے روک دیا گیا ہے۔2 رکنی بنچ نے 30 جون 2015ءکو سنگل بنچ کی جانب سے فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کو غیرقانونی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن فیصل صالح حیات اور ظاہر شاہ گروپ میں تقسیم تھے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی سے قبل فیفا نے پی ایف ایف کو دھڑے بندی ختم کرنے کےلئے تنبیہ کی تھی تاہم اس کے باوجود دونوں دھڑے اپنی ضد پر اڑے رہے تھے۔2015 ء میں ہونے والے انتخابات کو سنگل بنچ کی جانب سے کالعدم قرار دیتے ہوئے جسٹس (ر) اسد منیر کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا۔ اکتوبر 2017ء میں فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت کے باعث پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ اب عدالتی فیصلے کے بعد فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کئے جانے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔

شیئر: