Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کریگا

ارجنٹ پاسپورٹ کا اجراء3 دن میں ہونا چاہئے، سفیر پاکستان نے ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ کو سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں مقیم تارکین کے مسائل سے آگاہ کیا
ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان میں بدھ کی سہ پہر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ویڈیو کانفرنس کے دوران انہیں سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ کانفرنس میں بحرین، جدہ، ریاض، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان اور برطانیہ میں مامور پاکستانی سفارتی نمائندوں اور اوپیک کے ارکان کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے احسن اقبال کو مملکت میں مقیم پاکستانیوں کے مختلف امور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اور دیگر کوائف کی تصدیق کیلئے جب وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جاتا ہے تو جواب اکثر اوقات 3 ، 4 ماہ کے بعد ملتا ہے۔ اس تاخیر کا سدباب ہونا چاہئے۔ خان ہشام بن صدیق نے رائے دی کہ نادرا کے امور سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ میں ایک خصوصی شعبہ قائم کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے فوراً اس پر عمل درآمد کے احکامات جاری کردیئے۔ خان ہشام بن صدیق نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجراءکیلئے دمام اور مدینہ منورہ میں بھی دفاتر کے قیام کی درخواست کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی توجہ اس طرف بھی دلائی کہ ارجنٹ پاسپورٹ کا اجراءجو 3 دن میں ہونا چاہئے 10 سے 12 دن میں ہوتا ہے۔ اس تاخیر کا بھی ازالہ کیا جائے۔ سفیر پاکستان نے سعودی شہریوں کو دی گئی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں پاکستانی بزنس ویزا کے حصول کیلئے 5400 ریال تک فیس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے جو خاصی زیادہ ہے۔ اس میں معتدبہ کمی لائی جائے تاکہ سعودی شہریوں میں پاکستان کا دورہ کرنے کا رجحان پیدا ہو۔ کانفرنس میں موجود ناظرین نے وزیر داخلہ کی توجہ ان امور کی طرف دلانے پر سفیر پاکستا ن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر وزارت داخلہ مجوزہ اقدامات اٹھالے تو پاکستانی تارکین کیلئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کا عمل انتہائی آسان او ر سریع ہوجائے گا۔ دریں اثناءاین این آئی کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے نادرا اور پاسپورٹ کے محکموں کو بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ برائے بیرون ملک( نائیکوپ) کے حوالے سے پاکستانیوں کو سہولتوں سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ، ہمیں بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کےلئے سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان آنے والوں کےلئے ویزا فیس معقول بنائی جائے ۔ 
 

شیئر: