سعودی قیادت کی جانب سے صدر پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک باد
جمعرات 14 اگست 2025 18:22
سعودی قیادت نے پاکستان اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی خواہش کی ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی قیادت نے پاکستان کے یوم آزادی پر صدر پاکستان کو مبارک باد پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو مبارک باد کے علیحدہ علیحدہ تہنیتی مکتوب ارسال کیے ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے مکتوب میں صدر پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی کی دعا کی اور پاکستانی حکومت و عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
ولی عہد نے اپنے تہنیتی پیغام میں صدر پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام و حکومت کی مزید ترقی و خوشحالی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
