شادی کے دن ہی کردیا دولہاکا قتل
بریلی۔۔۔۔اتر پردیش میں بریلی کے بھتاعلاقے میں شادی کے دن ہی دولہا کا قتل کردیئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جوگیندر کمار نے بتایا کہ بھتا علاقے کے رہائشی دھرم پال کے بیٹے اشیش کی شادی نواب گنج کے رہائشی گنگوار کی بیٹی پرینکا سے طے ہوئی تھی۔ گھر میں بارات جانے کی تیاریاں جاری تھیں کہ کسی نے اسی وقت اشیش کو فون کیا۔فون پر باتیں کرتے ہوئے اشیش گھر سے باہر چلا گیا ۔شام تک اشیش گھر واپس نہیں آیا تو اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی ۔ گاؤں سے تھوڑے فاصلے پر اشیش کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ دوسری جانب دلہن پرینکا کے گھر والوں نے پولیس اسٹیشن میں دولہا کے گھر والوں کے خلاف بارات نہ لانے پر مقدمہ درج کرادیا۔اشیش کے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن میں دلہن پرینکا اور اس کے دوست کپل پر بیٹے کے قتل کا الزام لگایا۔پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیشی کارروائی شروع کردی۔