Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلح افواج دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پُرعزم ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی (فوٹو: آئی ایس پی آر)
چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ وہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ملک میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے اور دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے پُرعزم رہیں۔
منگل کو چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہان انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، سرحد کے انتظام کے لیے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریف کیا گیا۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند اخلاقی اقدار، تیاریوں، پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ملک اس کے عوام کے تحفظ کے لیے ان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
سید عاصم منیر نے جوانوں کو چوکس رہنے اور عملی تیاریوں کے اعلیٰ معیارات قائم رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل نے وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

شیئر: