آسٹریلیا میں دورانِ پرواز جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش پر ایک شخص گرفتار
پولیس افسران پیر کو تقریباً شام چار بجے پرتھ ایئرپورٹ پر جہاز پہنچنے پر فوسٹر کو جہاز سے باہر لے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں ایک شخص پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے دورانِ پرواز قنطاس کے جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جس کے بعد اسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 41 سالہ تھامس ریمونڈ فوسٹر نے پیر کو کاراتھا سے پرواز کرنے والی قنطاس فلائٹ پر مسافروں کی جانیں خطرے میں ڈالیں۔ فوسٹر پر الزام ہے کہ اس نے فلائٹ میں ایک مسافر کو گالی دی، پھر سامنے والی نشست کو دھکا دیا اور لاتیں ماریں۔ جب کیبن کریو نے مداخلت کی تو اس نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ بھی بدسلوکی کی۔
جب جہاز لینڈ کرنے کی تیاری کر رہا تھا تو پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے کیبن کریو کی ہدایات کو نظرانداز کیا کہ سیٹ بیلٹ باندھ لے اور دورانِ پرواز دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔
پولیس افسران پیر کو تقریباً شام چار بجے پرتھ ایئرپورٹ پر جہاز پہنچنے پر فوسٹر کو جہاز سے باہر لے گئے۔ 41 سالہ شخص پر کامن ویلتھ افسر کو نقصان پہنچانے، جہاز کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے، کریو کی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور بدنظمی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
آسٹریلین فیڈرل پولیس کی قائم مقام سپرینٹنڈنٹ ہیلی فیتھفل نے کہا کہ وہ عوام کے سفر کی حفاظت اور ہوابازی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے جہازوں یا ہوائی اڈوں پر تشدد یا بدنظمی کے رویے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ مسافروں، کیبن کریو، ایئرلائن کے عملے اور ہمارے افسران کو غیر سماجی رویے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ایئرلائن پارٹنرز اور ایئرپورٹ حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پرعزم ہے تاکہ واقعات کے وقت فوری ردعمل دیا جا سکے اور جہاں رویہ قانون کی خلاف ورزی سمجھا جائے وہاں مناسب کارروائی کی جا سکے۔
فوسٹر کو منگل کے روز پرتھ مجسٹریٹس کورٹ میں ضمانت دی گئی اور کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
