Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 5وکٹوں سے ہرا کر سیریز برابرکردی

 
ڈونیڈن:بیٹسمینوں کی شاندار کارکردگی اور3سنچریوں سے مزین ون ڈے میچ میں اپنے سابق کپتان روس ٹیلر کے کیریئرکی بہترین اور ناقابل شکست اننگز کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 5وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے 5میچوں کی سیریز 2-2سے برابر کردی۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے جونی بیئر اسٹو اور جوئے روٹ کی سنچریوں کی مدد سے 9وکٹوں کے نقصان پر335رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے بھرپور جواب دیتے ہوئے روس ٹیلر کے 181رنز اور وکٹ کیپر ٹام لیتھم کے71رنز کے ذریعے 5وکٹوںپر 339 بنا کرمیچ جیت لیا۔ میزبان ٹیم نے یہ میچ ایسی صورتحال میں جیتا جب اس کی ابتدائی دونوں وکٹیں 2رنز پر گر چکی تھیں۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کا انگلش ٹیم نے بھی خوب فائدہ اٹھایا۔اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیئر اسٹو نے77کی شراکت قائم کی اور 42رنز پر جیسن روئے کے آوٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لئے آنے والے ٹیسٹ کپتان جوئے روٹ نے دوسری وکٹ کیلئے بیئر اسٹو کے ساتھ 190رنز کی شراکت سے کیوی بولرز کے صبر کا خوب امتحان لیا۔جونی بیئر اسٹو جو 106گیندوں پر7چھکوں اور14چوکوں کی مدد سے138رنز بنا کر لوٹے تو مجموعی اسکور267رنز تک پہنچ چکا تھا۔ان کے بعد جوائے روٹ نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن دوسری جانب سے 5وکٹیں مختصر وقفوں سے گرتی چلی گئیں ۔ عادل رشید نے کچھ دیر جوئے روٹ کا ساتھ دیا اور وہ اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور 102کے اسکور پرپویلین لوٹ گئے ۔انہوں نے 101گیندوں کا سامنا کیا جبکہ 2چھکے اور 6چوکوں لگانے میں کامیاب رہے ۔عادل رشید آوٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے ۔ کیوی اسپنر ایش سوڈھی کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 58رنز دے کر4وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جوابی بیٹنگ میں میزبان ٹیم کا آغاز تباہ کن تھا ۔ پہلی وکٹ صفر پر گری جب کولن منروپہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دوسرے اوپنر مارٹن گپٹل بھی10گیندیں کھیل کر صفر پرکیچ ہوئے تو اسکور 2رنز تھا۔ اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 84رنز کے اضافے نے صورتحال بہتر بناددی۔ روس ٹیلر کو 147گیندوں پر 6چھکے اور17چوکے لگا کر ناقابل شکست 181رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ ولیمسن نے45رنز اسکور کئے ۔ ہینری نکولس نے آخری اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو فتح دلائی۔ ٹام کرن نے2اور بین اسٹوکس، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 

شیئر: