Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد مملکت کے دورہ امریکہ سے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہونگے، سیاسی ماہرین

ریاض..... ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے دورہ امریکہ کے حوالے سے مقامی دانشوروں اور سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس کے خطے پر دوررس اثرات مرتب ہونگے ۔ سبق نیوز نے شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ کے حوالے سے متعدد سیاسی ماہرین اور خطے پر نظر رکھنے والوں کی رائے لی اس حوالے سے سیاسی ماہر عاید الشمری کا کہنا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس میں شک نہیں کہ امریکہ عالمی طاقت ہے جبکہ مملکت اور امریکہ کے مابین بعض مشترکہ امور ہیں جن میں شام کا معاملہ اور ایرانی خطرات کے حوالے سے امریکہ اور سعودی عرب کا موقف یکساں ہے ۔ خاص کر ان حالات میں جب ایرانی بلاسٹک میزائل سعودی عرب کی حدود میں داخل ہو رہے ہوں ۔ الشمری نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات استحکام کی جانب گامزن ہیں ۔ اگر امریکی صدر ٹرمپ کے دورحکومت میں ایرانی انتظامیہ کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا تو پھر یہ کبھی ممکن نہیں ہو گا۔دوسری جانب کالمسٹ محمد العصیمی کے خیال کے مطابق ولی عہد مملکت کا دورہ امریکہ اس اعتبار سے انتہائی اہم ہے کہ امریکہ کا دورہ مصر اور برطانیہ کے دورے کا تسلسل ہے ۔ اس دورے کے بھی وہی اہداف ہیں جو سابقہ دونوں ممالک کے دورے کے موقع پر تھے ۔اس دورے میں بھی سعودی عرب کے اہداف واضح ہیں جن میں دہشتگردی کے عفریت کا خاتمہ انتہائی اہم عنصر ہے جس سے دنیا کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ ولی عہد کے دورہ امریکہ میں جن اہم امور کو پیش کیا گیا ہے ان میں دہشتگردی اور ایران سرفہرست ہیں جبکہ دیگر امور کے حوالے سے بھی دوطرفہ گفتگو ہوگی ۔العصیمی نے مزید کہا کہ ولی عہد کے دورے سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ ولی عہد کے دورہ امریکہ میں ان امور پر بھی تبادلہ خیال ہو گا جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ مملکت کے موقع پر زیر بحث آئے تھے ۔ ہم سب اس امر سے بھی بخوبی واقف ہیں کہ صدر منتخب ہونے کے بعد ٹرمپ کا بیرون ملک کا یہ پہلا دورہ تھا جو اس بات کا واضح ثبوت تھا کہ امریکہ کے نزدیک مملکت اور اسکے قائدین خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی کتنی اہمیت ہے ۔العصیمی کا کہنا تھا کہ ولی عہد کے موجودہ دورے میں مملکت اور امریکہ کے مابین متعدد شعبوں میں معاہدے بھی ہونگے جن میں صحت ، تعلیم اور انرجی شامل ہیں جن کے بارے میں ولی عہد نے اپنے سابقہ دورے میں امریکی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی تھیں ۔ آخر میں العصیمی نے اپنی گفتگو ختم کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد نے مملکت کا جو ویژن 2030 پیش کیا تھا ان اہداف کے حصول کےلئے اور مملکت کو مثالی ترقی دینے کےلئے بھی یہ دورہ انتہائی اہم ہے ۔ ہم سب کے نزدیک مملکت کی وژن 2030 انتہائی اہم ہے جبکہ اس وژن کے خالق ولی عہد مملکت انتہائی خلوص کے ساتھ اس جانب گامزن ہیں ۔ ایک او رسیاسی ماہر کا کہنا تھا کہ یہ دورہ اس وقت میں کیا جارہا ہے جب مملکت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا۔ ہمیں پیٹرول کے علاوہ دیگر ذرائع اپنانے کےلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہو گا خاص کر جبکہ ہم نئی منزلو ں کی جانب رواں ہیں اور ہم پیٹرول کے متبادل ذرائع کی تلاش میں ہیں ۔ سیاسی ماہر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں شہزادہ محمد بن سلمان کادورہ امریکہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ 

شیئر: