Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ اور پشاور کے دلچسپ اتفاق کی ہیٹ ٹرک

 
لاہور:پی ایس ایل  3کے دوسرے پلے آف میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو صرف ایک رن سے شکست دے کر دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور اعصاب شکن مقابلے کی روایت لگاتار تیسرے سال بھی برقرار رہی اور دلچسپ اتفاق اور فیصلے کی ہیٹ ٹرک مکمل ہوگئی۔گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے پلے آف میں پشاور زلمی نے انتہائی سنسنی خیز کھیل سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مقابلے میں ایک رن سے میچ جیت لیااور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلی مرتبہ لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ ان دونوں کے درمیان پلے آف میں اتنا سنسنی خیز مقابلہ دیکھا گیا بلکہ اس سے قبل دونوں ایڈیشنز میں بھی شاندار مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔2016 ءکے پلے آف میں گلیڈی ایٹرزنے پہلے کھیلتے ہوئے 133 رنز بنائے اور جواب میں محمد نواز کی شاندار بولنگ کے سبب زلمی ٹیم آسان ہدف حاصل نہ کر سکی اور 132رنز ہی بنا سکی، گلیڈی ایٹرز نے ایک رن سے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ 2017ءکے پہلے پلے آف میں گلیڈی ایٹرز نے احمد شہزاد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 200 رنز بنائے لیکن ڈیوڈ ملان اور محمد حفیظ کے درمیان 141 رنز کی عمدہ شراکت کے باوجود پشاور زلمی 199 رنز بنا سکی اور گلیڈی ایٹرز نے دوسری مرتبہ ایک رن سے فتح سمیٹی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔گزشتہ روزپلے آف میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انور علی کی آخری اوور میں جارحانہ بیٹنگ 3چھکے اور ایک چوکے کےساتھ 156 رنز بنا سکی اور ایک رن سے ہارگئی ، جس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان پلے آف مرحلے میں ایک رن سے فیصلے کی ہیٹ ٹرک مکمل ہو گئی اور پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے گزشتہ دونوں شکست کا بدلہ چکانے کا بھی آغاز کر دیا۔

شیئر: