بال ٹیمپرنگ: اسٹیون اسمتھ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی سے دستبردار
سڈنی: بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کپتانی اور نائب کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جیمز سدرلینڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے باقی میچ کےلئے کپتانی اور نائب کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کی جانب سے کی جانے والی بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ گزشتہ روز کیپ ٹاون میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے اس سنگین جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس حرکت میں ٹیم کی پوری قیادت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی پوری قیادت نے سوچ سمجھ کر یہ کام کیا کیونکہ ہمارا خیال تھا کہ اس سے ہمیں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔اعتراف جرم کے باوجود اسٹیون اسمتھ نے کپتانی چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی گئیں جس کے بعد کپتان اور نائب کپتان دونوں کو ہٹادیا گیا۔ اب کپتانی کے فرائض ٹم پین اد کریں گے۔ ٹی وی کیمرے کی آنکھ نے آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو کسی پیلی چیز سے گیند کی ساخت خراب کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا، انھوں نے امپائرز سے چھپانے کےلئے ریگمار جیسی چیز پتلون کی خفیہ جیب میں ڈال لی۔